ایران

فدایان حریم ولایت کے نام سےایرانی فضائیہ کی ساتویں مشقوں کا آغاز

ایرانی فضائیہ نے فضائی دفاع کے میدان میں اپنی توانائی کے مظاہرے کے لیے فدایان حریم ولایت کے نام سے ساتویں فضائی مشقیں شروع کر دی ہیں۔

فدایان حریم ولایت نامی فضائی مشقوں کا آغاز مرکزی ایران کے شہر اصفہان میں، یاابوالفضل العباس(ع) کے مقدس رمزیہ نعرے کے ساتھ کیا گیا۔ یہ مشقیں دو روز تک جاری رہیں گی۔

فوجی مشقوں کے ترجمان بریگیڈیئیر جنرل مسعود روز خوش نے بتایا ہے کہ دو روزہ فضائی مشقوں میں مختلف اقسام کے لڑاکا اور بمبار طیارے، ہلکے اور باری قسم کے ٹرانسپورٹ طیارے، مواصلاتی اور جاسوسی آلات سے لیس ہوائی جہاز اورایندھن فراہم کرنے والے طیاروں کے علاوہ مختلف قسم کے ڈورن طیارے حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فدایان حریم ولایت فضائی مشقیں ایران کی فضائیہ کے سالانہ پروگرام کا حصہ ہیں اور ان کا مقصد ملکی دفاع کے میدان میں فضائیہ کی توانائیوں اور صلاحیتوں کا جائزہ لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی مشقوں کا ایک اور مقصد حقیقی الیکٹرونک جنگ کے میدان میں فضائیہ کے افسروں اور جوانوں میں فضائی دفاع کی منصوبہ بندی کی صلاحیتوں کو مزید تقویت دینا ہے۔

فدایان حریم ولایت فضائی مشقوں کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل مسعود روز خوش نے کہا کہ فرضی دشمن کے زمینی اور فضائی اہداف کو نشانہ بنانا ان مشقوں کے اہداف میں سر فہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی فضائیہ بھی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظی سید علی خامنہ کی زیر کمان دیگر مسلح افوج کے ہمراہ ملک کے فضائی دفاع کی ذمہ دار ہے اور اس مشن کو پوری تندہی کے ساتھ نبھا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ فضائی مشقیں خطے کے ملکوں کے لیے سلامتی، استحکام اور دوستی کے پیغام کی حامل ہیں۔

متعلقہ مضامین

یہ بھی ملاحظہ کریں
Close
Back to top button