پاکستان

بغیر اجازت عزاداری نہیں کرنے دی جائے گی، آئی جی سندھ کی دھمکی

شیعیت نیوز: سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی ذیرصدارت اجلاس میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سیکیورٹی اقدامات کا خصوصی حوالوں سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اجلاس میں شریک سینئر پولیس افسران کو مذید ضروری احکامات دیئے گئے ۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی،ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز،ڈی آئی جی اسپیشل برانچ،زونل ڈی آئی جیز کراچی،اے آئی جی آپریشنز سندھ،اے آئی جی ایڈمن سی پی او کے علاوہ ڈائریکٹر آئی ٹی نے بھی شرکت کی۔

آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ محرم الحرام کے دوران محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے عائدپابندیوں پر عمل درآمد کو ہرسطح پر یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے کسی بھی رو رعایت یا اجتناب سے گریز کیا جائے ۔انہوں نے ہدایات دیں کہ بغیر پرمٹ یا این او سی کسی بھی صورت میں جلوس نکالنے کی اجازت نہ دی جائے اور یکم محرم الحرام سے ہی ناصرف اس حکم پر عمل درآمد کرایا جائے بلکہ اس ضمن میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو بھی باقاعدہ آگاہ کردیا جائے ۔علاوہ اذیں باقاعدہ اجازت کے تحت نکالے جانیوالے چھوٹے بڑے تمام جلوسوں میں صرف خصوصی اسٹکرز کی حامل گاڑیوں کو ہی شرکت کی اجازت دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں محرم کے دوران کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے سی سی ٹی وی کیمراز سے مانیٹرنگ کے عمل کو ہر لحاظ سے فول پروف بنایا جائے اور اس حوالے سے تمام تر ذمہ داری ڈائریکٹر آئی ٹی پر ہوگی کہ وہ متعلقہ اسٹاف کو عملی اقدامات کے لیئے ہمہ وقت چوکنا اور مستعد رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ سینٹرل پولیس آفس میں محرم الحرام کنٹرول/مانیٹرنگ روم کا قیام عمل میں لایا جائے جو دوران محرم سیکیورٹی اقدامات کی نگرانی اے آئی جی آپریشنز سندھ، اے آئی جی ایڈمن سی پی او اورڈائریکٹر آئی ٹی سپرویژن میں کریگا۔انہوں نے ایس ایس پیز کو ہدایات جاری کیں کہ محرم کے دوران منعقدہ تمام مجالس کے مقامات،برآمد ہونیوالے چھوٹے بڑے تمام جلوسوں اور دیگر تمام امام بارگاہوں مساجد پر سیکیورٹی ڈپلائمنٹ کو بذات خود چیک کیا جائے بلکہ سیکیورٹی فرائض سے متعلق بریفنگ کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے ۔

واضح رہے کہ عزاداری سید الشہداء کسی کی بھی اجاز ت سے نہیں کی جاتی او ر نا ہی اسکے لئے اجازت لینے کی ضرورت ہے ، البتہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی اداروں سے تعاون ضرور کیا جاتا ہے لیکن اسکی آڑ میں عزاداری سید الشہداٗ کو محدود کرنے کی سازش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ، عزاداری کے سلسلے میں ملک بھرمیں ہزاروں چھوٹےبڑے جلوس نکالے جاتے ہیں جنکی اجاز ت لینا ممکن نہیں لہذا پولیس انتظامیہ بھی ملت جعفریہ کے ساتھ تعاون کرے اور کسی بھی زور زبردستی سے گریز کرے ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button