عراق

عراق کا تلعفر شہر داعش کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد

عراق میں قادمون آپریشن کے کمانڈر عبدالامیر رشید یاراللہ نے کہا ہے کہ عراقی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے اتوار کی صبح تلعفر شہر کو داعش کے قبضے سے پوری طرح آزاد کرا لیا اور اس وقت پورا شہر عراقی افواج کے کنٹرول میں ہے – عراقی فوج کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ تلعفر شہر کے سبھی انتیس علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیاگیا ہے- عراق کی وزارت دفاع نے بھی اعلان کیا ہے کہ مسلح افواج نے تلعفر شہر کے سبھی علاقوں پر اپنا کنٹرول حاصل کرلیا ہے- دریں اثنا لبنان کے المیادین ٹیلی ویژن چینل نے عراقی وزارت دفاع کی جانب سے تلعفر کی آزادی کے اعلان کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کی تصویریں بھی نشر کی ہیں جن میں دکھایا گیا ہے کہ عراقی افواج تلعفرشہر کی آزادی کا جشن منا رہی ہیں – عراق کی عوامی رضاکارفورس کے سربراہ فالح الفیاض نے بھی تلعفر شہر میں برق رفتاری کے ساتھ حاصل ہونےوالی کامیابی پر عوامی رضارکارفورس اور دیگر فورسز کو مبارکباد پیش کی ہے – دوسری جانب عراقی وزیر اعظم حیدرالعبادی نے کہا ہے کہ تلعفر میں داعش کی شکست سے علاقے کے ملکوں کی تشویش بھی دور ہوجائے گی – عراقی وزیراعظم نے بغداد میں جمہوریہ چیک کے وزیراعظم کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ داعش کے خلاف جنگ میں عراق کی سبھی مسلح فورسز کے درمیان اعلی پیمانے کی ہم آہنگی پائی جارہی ہے اور اسی ہم آہنگی کی وجہ سے ہی عراق کے بیشتر علاقوں میں داعش کو شکست ہوئی ہے- انہوں نے بغداد میں اتوار کو ہونے والے دو بم دھماکوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد گروہوں نے مسلح افواج کے مقابلے میں شکست کھانے کے بعد اب عوام کو نشانہ بنانا شروع کردیا ہے – اتوار کو بغداد میں ہونے والے دو بم دھماکوں میں چھے افراد ہلاک اور گیارہ دیگر زخمی ہوگئے – عراقی وزیراعظم نے اتوار کو بغداد میں ایک بہت بڑے تجارتی کمپلیکس کا افتتاح بھی کیا- انہوں نے اس موقع پر غیر ملکی سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں سے کہا کہ وہ عراق میں سرمایہ کاری کریں – عراقی وزیراعظم نے کہا کہ عراق اس وقت ایک بڑی کامیابی حاصل کرنے کے قریب پہنچ چکا ہے اور عراق میں حالات اب تیزی کے ساتھ معمول پر لوٹ رہے ہیں اس لئے سبھی سرمایہ کاروں سے درخواست کرتےہیں کہ وہ عراق میں سرمایہ کاری کریں –

متعلقہ مضامین

Back to top button