پاکستان

ردالفساد کا رُخ کالعدم جماعتوں اور دہشتگردوں کے سہولتکاروں کیطرف موڑا جائے، علامہ ناصر عباس جعفری

شیعیت نیوز:مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور میں مردم شماری کی ٹیم پر خودکش حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے نوجوانوں اور سول ملازمین کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس المناک واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کی طرف سے جہادی تنظیموں کو قومی دھارے میں لانے کی خواہش کے بھیانک نتائج اسی طرح سامنے آتے رہیں گے۔ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کی کامیابی میں سب سے بڑی رکاوٹ وہ سہولت کار ہیں، جو کالعدم جماعتوں سے ہمدردی کا برملا اظہار کرتے ہیں اور حکومت ان پر ہاتھ ڈالنے میں بے بس بنی ہوئی ہے۔ ملک دشمنوں کو اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے باز رکھنے کے لئے سہولت کاروں کیخلاف بھرپور آپریشن انتہائی ضروری ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ایک ناقابل تلافی نقصان ہے، جسے روکنے کے لئے حکومتی اقدامات کو تسلی بخش قرار نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری اور پولیو ٹیموں پر حملے اور دہشتگردی کے دیگر واقعات قومی فرائض کی ادائیگی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ اس طرح کے ناپاک عزائم کو راہ کی رکاوٹ نہ بننے دیا جائے۔ مردم شماری کا عمل ہر حال میں مکمل کیا جانا چاہیے۔ آپریشن ردالفساد کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے اسی قوت کے ساتھ نیشنل ایکشن پلان پر بھی عمل درآمد ضروری ہے۔ نیپ پر موثر عمل درآمد کئے بغیر آپریشن ردالفساد سے مطلوبہ نتائج کی توقع سعی لاحاصل کے سوا کچھ نہیں۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ حکومت سیاسی ضرورتوں پر قومی سلامتی کو مقدم رکھے۔ سیاسی حیثیت مضبوط کرنے کے لئے کالعدم جماعتوں کے کندھے استعمال کرنے کی بجائے قوم کی طرف ہاتھ بڑھایا جائے۔ انہوں نے آرمی چیف سے مطالبہ کیا ہے کہ آپریشن ردالفساد کو رُخ کالعدم جماعتوں اور دہشتگردوں کے ان سہولت کاروں کی طرف موڑا جائے جو حکومتی صفوں میں بیٹھ کر دہشتگرد گروہوں کا دفاع کرنے میں مصروف ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button