پاکستان

ملک بھر میں شدت پسندوں اور دہشتگردوں کیخلاف آپریشن تیز، متعدد دہشت گرد ہلاک

شیعیت نیوز: ملک بھر میں شدت پسندوں اور دہشت گردوں کیخلاف آپریشن تیزکردیا گیا جسکے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے اور سینکڑوں مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، سیکورٹی فورسز نے ٹانک میں کارروائی کرتے ہوئے 4؍دہشت گرد ہلاک کر دیئے،مرنیوالوں میں عصمت اللہ شاہین کا بیٹابھی شامل ہے، پنجاب،خیبرپختونخوا کے کئی شہروں اور کوئٹہ میں بھی گومبنگ آپریشن جاری ہے، اس دوران 47افغانوں سمیت 586مشتبہ گرفتار کر لیا گیا ہے، دہشت گردی حالیہ واقعات کے بعد دہشت گردوں کی سرحد پار سے آمد و رفت روکنے کیلئے سخت نگرانی کا فیصلہ کیاگیا ہے اور افغان سرحد سے متصل علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کرکے بھاری توپ خانہ بھی سرحد پر پہنچا دیا گیا ہے،چمن میں باب دوستی مسلسل چوتھے روز بند ہونے سے نیٹو سپلائی اور پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ بند ہو گئی ہے۔

ادھر وزیراعلی سندھ نے سہیون میں دہشت گردی کے واقعے کے بعد کشمور،کندھ کوٹ، جیکب آباد اور شکارپور میں ٹارگٹڈ آپریشن کا حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ممکنہ دہشتگردوں کی آمدورفت پر نظر رکھنے کیلئے طورخم کی جانب جانے والے راستوں پر جگہ جگہ ناکہ بندیوں کا سلسلہ بڑھا دیا،چمن میں باب دوستی چوتھے روز بھی آمد و رفت کیلئے بندرہا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اورانہیں ایک طرف لگادیاگیاہے جبکہ چیک پوسٹوں پر اہلکاروں کی تعداد بڑھادی گئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملک میں جاری حالیہ دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر جہاں ملک بھر میں سکیورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں،چند دنوں میں ہونے والے دھماکوں کے تانے بانے افغانستان سے ملنے کے شواہد کے بعد سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کیلئے مؤثر نگرانی کا فیصلہ کیاہے،سرحد پار سے دہشت گردوں کی آمد ورفت کی مؤثر نگرانی کیلئے بھاری آرٹلری بھیج کرسکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا،سکیورٹی فورسز نے طورخم کی جانب جانے والے راستوں پر جگہ جگہ ناکہ بندیوں کا سلسلہ بڑھا دیا گیا ہے۔ دریں اثناء چمن میں باب دوستی چوتھے روز بھی آمد و رفت اور نقل و حرکت کیلئے بند رہا۔ ایف سی نے امن وامان کے پیش نظر باب دوستی پر مزید پوسٹیں قائم کرکے اہلکار کی تعداد کو بڑھا دیا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق یہ انتظامات پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی اٹھنے والی لہر کے پیش نظرکئے گئے ہیں۔ دوسری جانب پاک افغان بارڈر پر ہر قسم کی آمد و رفت بند رہی جس کے باعث تجارت کیلئے آئے ہوئے ٹرکوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جنہیں ایف سی نے ایک سائیڈ پر کر دیا ہے۔

سکیورٹی فورسز نے ملک بھرمیں سرچ آپریشن کے دوران 47افغانوں سمیت 586مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں15سہولت کار اور نامکمل کوائف رکھنے والے بھی شامل ہیںجبکہ ایف آرٹانک میں بڑی کارروائی کے دوران 4دہشت گردہلاک ہوگئے جن میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر عصمت اللہ شاہین کابیٹا بھی شامل ہے،رحیم یارخان میں 2افغان اور ایک اشتہاری، فتح پورمیں 2،منڈی بہاوالدین سے143، حافظ آباد سے 16، راولپنڈی سے87اور ڈیرہ غازی خان سے3مشتبہ افراد حراست میں لئے گئے۔ ایف آر ٹانک کے علاقہ پینگ میں سیکورٹی فورسز نے ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اہم طالبان کمانڈر سمیت 4افراد کو فائرنگ تبادلہ میں ہلاک کردیا۔ پیر کے روز ایف آر ٹانک کے علاقہ پینگ میں سیکورٹی فورسز نے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا سیکورٹی فورسز ذرائع اور آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سابق طالبان کمانڈر عصمت اللہ شاہین بیٹنی گروپ کے اہم کمانڈر زمان عرف طوفان، عمر عصمت اللہ عرف منصور، ظلم دین عرف ظلمت اور وصی اللہ کو ہلاک کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران عدد راکٹ لانچر، دو کلا شنکو ف، ایک عدد بھاری مشین گن، دو عدد پستول، نو عدد مارٹر گولے سمیت سینکڑوں کی تعداد میں کارتوس سیکور ٹی فورسز نے اپنے قبضہ میں لے لیے۔

ادھر باجوڑایجنسی کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 6مشتبہ افراد کوگرفتار کرلیا، لاہور بم دھماکے کے سہولت کار انورالحق کا مکان قبائلی روایات کے تحت مسمار کردیا گیا، افغانستان میں روپوش درجنوں عسکریت پسندوں کے مکانات بھی سیل کردئیے گئے۔ مختلف علاقوں میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق لاہور بم دھماکہ کے بعد باجوڑا یجنسی میں سکیورٹی فورسز نے عسکریت پسندوں کیخلاف کاروائیاں تیز کردی ہیں اور ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے6مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ سکیورٹی فورسز اور قبائلی عوام نے لاہور بم دھماکے کے سہولت کار انورالحق کا گھر قبائلی روایات کے تحت مسمار کردیا ہے۔ دوسری جانب افغانستان میں روپوش ہونیوالے درجنوں عسکریت پسندوں کے گھروں کو سیل کردیاگیاہے جبکہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے ا یجنسی کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

ادھر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچستان کے سرحدی علاقوں کشمور،کندھ کوٹ، جیکب آباد اور شکارپور میں ٹارگٹڈ آپریشن کرنے کا حکم دے دیاہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات جاری کیے ہیں کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں تک ہر صورت پہنچا جائے۔ وزیراعلی کے احکامات کے بعد سندھ میں کومبنگ آپریشن کے ساتھ بلوچستان سے متصل علاقوں کو ٹارگٹ کرلیا گیا۔ کشمور، کندھ کوٹ، جیکب آباد اور شکار پور میں ٹارگٹڈ آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کیخلاف کاررراوئیاں جاری ہیں۔دادو کی تحصیل جوہی سے حساس اداروں نے سانحہ سہون میں سہولت کاری کے الزام میں منیر جمالی اور عزیر جمالی کوحراست میں لے لیاہے۔رحیم یارخان میں ڈی ایس پی سٹی سرکل چوہدری مسعود گجرکی قیادت میں سرچ آپریشن میں100سے زائدافرادکی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی اور نامکمل کوائف پر2افغان باشند ے محمد گل اور محمد حنیف گرفتارکرلئے گئے۔

ادھرکوٹ سبزل بارڈر پر بائیو میٹرک چیکنگ کے دوران اپر دیر کی تحصیل واڈھی کے اشتہاری ملزم نثارولدبہروزکو گرفتار کرلیاگیا۔فتح پورمیں 2مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ آزاد کشمیر میں کوٹلی اور سہنسہ میں کارروائیوں کے دوران 160غیر ریاستی افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے پشینی میں امن فورس اور فراریوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 فراری ہلاک ہوگئے۔ صوابی کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 244 مشتبہ افراد کو گرفتار کیاگیاہے جن میں دہشت گردوں کے15 سہولت کار بھی شامل ہیں، ان سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ادھرحساس اداروں کی جانب سے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کو بارودی مواد سے اڑانے کی اطلاع کے بعد سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔سکیورٹی فورسزنے صرف پنجاب کے مختلف علاقوں میں سرچ آپر یشن کرکے 250افراد کو حراست میں لیا۔ منڈی بہاوالدین سے143، حافظ آباد سے 16،راولپنڈی سے 87 اور ڈیرہ غازی خان سے 3 مشتبہ افراد حراست میں لئے گئے۔ میانوالی میں اہم مقامات پر گرینڈ سرچ آپریشن65 مشتبہ افراد سمیت خطر ناک اشتہاری سمیت 5دیگر مطلوب ملزمان بھی گر فتارکئے گئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button