پاکستان

لاپتہ بلاگرز پر توہین مذہب کے الزامات کو انکے اہلخانہ نے مسترد کردیا

شیعیت نیوز: لاپتہ پاکستانی بلاگرز کے اہلخانہ نے اپنے پیاروں پر توہین مذہب کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بے گناہ ہیں اور اس طرح کے الزامات بلکل غلط ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر لاپتہ بلاگرز پر توہین مذہب کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کے خلاف بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے لاہور سے لاپتہ ہونے والے احمد وقاص گورایہ کی اہلیہ میشا سعید نے کہا کہ سوشل میڈیا پر لوگ صورتحال خراب کررہے ہیں اور ان کے شوہر کے نام سے جو پوسٹس شیئر کی جارہی ہیں وہ غلط اور جھوٹی ہیں ۔ احمد وقاص گورایہ ایسا نہیں کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیس بک پر جو کچھ پوسٹ کیا جارہا ہے ہم اس کی مذمت کرتے تاہم ان کے شوہر اس کے ذمہ دار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سادہ لوگ ہیں، معلوم نہیں کیوں ہمیں الجھایا جارہا ہے۔ اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے سلمان حیدر کے بھائی فراز حیدر نے کہا کہ اس طرح کے الزامات عائد کرکے خاندان کے دیگر افراد کی زندگی بھی خطرے ڈالی جارہی ہے۔ اس طرح کے پراپیگنڈہ سے نہ صرف لاپتہ افراد متاثر ہوں گے بلکہ ان کے اہلخانہ کو بھی سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس تمام صورتحال پر ہمیں تشویش ہے کیوں کہ مستقبل میں یہ ہمارے لیے خطرہ بنے گی۔ اس موقع پر سماجی کارکن اور وکیل جبران ناصر نے بتایا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی اور تو ہین مذہب کے الزامات کو روکنے کیلئے ایک درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی گئی ہے کیوں کہ یہ معاملہ اب انسانی بحران بن چکا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button