صنعا پر سعودی لڑاکا طیاروں کے حملے، پانچ یمنی شہید
سعودی لڑاکا طیاروں نے ہفتے کی صبح کو جنوبی صنعا کے وسیع علاقوں پر بمباری کی ہے کہ جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ یمنی شہری شہید ہوگئے- سعودی عرب کے جارح لڑاکا طیاروں نے اسی طرح السبعین علاقے میں یمن کے صدارتی محل کے اطراف کے علاقوں اور جبل النھدین فوجی اڈے کو بھی نشانہ بنایا ہے- یمن کے شمالی اور جنوب مغربی صوبے حجہ اور تعز پر بھی سعودی طیاروں نے حملے کئے ہیں- ابھی ان حملوں میں ہونے والے جانی نقصان سے متعلق کوئی رپورٹ موصول نہیں ہوئی ہے – واضح رہے کہ سعودی عرب گذشتہ سال چھبیس مارچ سے، یمن کے مظلوم اور نہتے عوام کے خلاف اپنے جارحانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہے جس میں اب تک ہزاروں یمنی شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں- اس ملک کی اسّی فیصد بنیادی تنصیبات مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں اور اب عوام دوا اور غذا کی شدید قلت سے دوچار ہیں-








