پاکستان

سعودی عرب کے فوجی اتحاد میں شمولیت قومی مفاد میں نہیں، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مرکزی دفتر فیصل آباد میں سنی یوتھ ونگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر سعودی عرب کے فوجی اتحاد میں شمولیت قومی مفاد میں نہیں، پارلیمنٹ کو بائی پاس کرکے اہم فیصلے کرنا آمرانہ طرز عمل ہے، جمہوریت کے نام پر 40 خاندان ملکی وسائل پر قابض ہیں، نیب قوم کی امیدوں پر پورا نہیں اترا، را کی پاکستان میں مداخلت روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہیئے تھا وہ ہم پر حکمرانی کر رہے ہیں، ہمارے حکمران سیاست کو عبادت نہیں تجارت سمجھتے ہیں، پیسے کے ذریعے اور پیسے کیلئے سیاست کرنیوالے قومی مجرم ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مودی حکومت نے بھارت میں اقلیتوں کا جینا حرام کر رکھا ہے، عالمی برادری ہندو انتہا پسندی کا نوٹس کیوں نہیں لیتی، اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آنکھیں کیوں بند کر رکھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران من مانیاں کرکے آمرانہ طرز عمل اختیار کئے ہوئے ہیں، پنجاب میں احتساب نہ ہونے پر چھوٹے صوبوں کی شکایات درست ہیں، شریف برادران کا دامن صاف ہے تو پنجاب میں احتساب کیوں شروع نہیں ہونے دیتے۔ اجلاس سے صاحبزادہ بیرسٹر حسین رضا، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، مفتی محمد رمضان جامی اور صاحبزادہ حسن رضا نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button