ایران

عالم اسلام کی شخصیتوں نے رہبر انقلاب کے خط کی اہمیت پر تاکید کی

لبنان کے سیاسی مبصر امین حطیط نے کہا ہے کہ مغربی جوانوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کا خط نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ امین حطیط نے تسنیم نیوز سے گفتگو میں کہا کہ رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کا یہ خط قوموں کے درمیان گفتگو کا ماحول پیدا کرنے میں موثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی جوانوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کا خط امن عامہ کو تقویت پہنچانے اور باہمی احترام کی اساس پر قوموں کے درمیان گفتگو اور تعاون کی فضا قائم کرنے میں کافی موثر واقع ہوسکتا ہے۔

ادھر عراقی شخصیتوں نے بھی دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے تعلق سے مغربی جوانوں کے نام رہبر انقلاب اسلامی کے خط کو سراہا ہے۔ حکومت قانون سیاسی پارٹی کے ممبر آف پارلیمنٹ سعد المطلبی نے العالم سے گفتگو کرتے ہوئے مغربی جوانوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کے خط میں دہشتگردی کے خطرے کے بارے میں آپ کے نظریات کو سراہا۔ انہوں نے دہشتگردی کے تعلق سے مغرب کی دوہری پالیسیوں پر تنقید کی۔ سعد المطلبی نے کہا کہ مغربی جوان اپنے ذرائع ابلاغ کا پیرو اور تابع ہے ایسے ذرائع ابلاغ جنہوں نے عالم اسلام کو نشانے پر لے رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسی بنا پر اسلامی اور عرب ملکوں کو چاہیے کہ مغرب کی جانب سے داعش کو اسلامی گروہ کہنے پر اقوام متحدہ سے مغربی ملکوں کی شکایت کریں۔
عراق میں مسلمان علما کی یونین کے سیکریٹری فواد المقدادی نے العالم سے گفتگو کرتے ہوئے مغربی جوانوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کے خط کو سراہا اور اس کی اہمیت پر تاکید کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تمام یورپی ملکوں کو بنیادی طور پر دہشتگردی سے تشویش لاحق ہے لیکن وہ حقیقی معنوں میں دہشتگردی کا مقابلہ نہیں کرتے۔ فواد المقدادی نے کہا کہ یورپی حکومتیں دہشتگردی کو سیاسی نگاہ سے دیکھتی ہیں کہ دہشتگردی پر کنٹرول کرکے اسے دوسرے ملکوں کی طرف بھیجنے سے انہیں کیا فائدہ پہنچے گا؟

یاد رہے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے انتیس نومبر کو مغربی جوانوں کے نام ایک خط میں تاکید فرمائی ہے کہ داعش دہشتگرد جیسے پست گروہ برآمد شدہ تہذیبوں کے ساتھ ناکام رابطوں کا نتیجہ ہے۔ آپ نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ اگر خرابی عقیدے میں ہوتی تو سامراج کے زمانے سے پہلے بھی اس طرح کے واقعات عالم اسلام میں رونما ہونے چاہیے تھے جبکہ تاریخ اس کے برخلاف گواہی دیتی ہے۔ گذشتہ جنوری کو بھی رہبر انقلاب اسلامی نے فرانسیسی ہفتہ روزہ اخبار شارلی ایبدو اور پیرس نیز بعض دیگر مقامات پر دہشتگردانہ حملوں کے بعد یورپ اور شمالی امریکہ کے جوانوں کے نام خط میں ان واقعات پر غور کرنے پر تاکید فرمائی تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button