پاکستان

کراچی، حملے کے بعد رینجرز کی جوابی کارائی چار طالبان دہشتگرد واصل جہنم

نادرن بائی پاس خیر آباد کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 4 مبینہ طالبان ’دہشت گردوں‘ کو ہلاک کردیا ہے جبکہ مقابلے کے دوران ایک اہلکارزخمی بھی ہوا۔

نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے خیرآباد میں رینجرز کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چا ر طالبان ’دہشت گرد‘ ہلاک ہوئے۔

رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد پولیس اور رینجرز پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔

فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہلکارز خمی بھی ہوا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ادھر اتحاد ٹاؤن تھانے میں رینجرز پر حملے کا مقدمہ رینجرز اہلکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز بلدیہ اتحاد ٹاؤن کے علاقے میں رینجرز کی موبائل پر نامعلوم دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 3 رینجرز اہلکار ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

رینجرز اہلکار مسجد ہریرہ کے باہر نماز جمعہ کی سیکیورٹی پر موجود تھے۔

ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے رینجرز کی موبائل پر فائرنگ کی، جس کے بعد وہ فرار ہوگئے۔

یاد رہے کہ کراچی آپریشن کے آغاز کے بعد سے قانون نافذ کرنے والوں پر حملے کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔

ان واقعات میں دہشت گردوں کی جانب سے آپریشن کے رد عمل میں متعدد پولیس چوکیوں، موبائلوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں اب تک ٹریفک پولیس سمیت پولیس اور رینجرز کے کئی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

گزشتہ ہفتے بھی طالبان کی جانب سے سپر ہائی وے پر پولیس چوکی پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا، جبکہ حملہ آور اہلکاروں کا اسلحہ بھی اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔

تقریباً 3 ہفتے قبل بھی ناظم آباد کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کو اسنیپ چیکنگ کے دوران نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button