پاکستان

کربلا عقیدت مندوں کی نہیں حقیقت پسندوں کی درسگاہ ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

عزاداری سید الشہداء ظالم قوتوں کے خلاف صدائے احتجاج ہے، رہتی دنیا تک اسے کوئی ظالم روک نہیں پائے گا، امام عالی مقام کی سیرت طیبہ پر مسلمان عمل پیرا ہوں تو معاشرے سے ظلم اور ناانصافی کا خاتمہ ممکن ہے۔ عزاداری سیدالشہداء اور واقعہ کربلا نے ہی اسلام کو دائمی دوام بخشا، ظالم جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق کہنا ہی پیغام حسنیت ہے، کربلا والوں کی قربانی دین محمدی کی احیاء کے لئے تھی، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عزاداروں سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری واجب تھی، لیکن اس برس پیروان حسینی اسے اوجب تر سمجھ کر انجام دیں، عزاداران امام مظلوم کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے دراصل اس عمل سے خوفزدہ ہیں، انہیں خوف ہے کہ اگر حسینیت کا پیغام عام ہو جائے تو ان کا اثر معاشرے سے ختم ہو جائے گا۔

علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ کربلا عقیدت مندوں کی نہیں حقیقت پسندوں کی درسگاہ ہے، اور یہ صرف شیعوں کا عقیدہ نہیں بلکہ انسانوں کا ایمان ہے، علامہ راجہ ناصر کا کہنا تھا کہ عزاداری سید الشہداء کی خاطر ہم اپنی جانیں قربان کرسکتے ہیں لیکن مشن حسینی سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، ہم عزاداری کے راہ میں کسی رکاوٹ کو قبول نہیں کریں گے، انہوں نے علماء، خطباء، ذاکرین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ممبر حسینی سے اخوت، بھائی چارہ اور وحدت کا پیغام عام کریں، دشمن فروعی اختلافات کو ہوا دے کر پیغام حسینیت کو روکنا چاہتا ہے، ہم ان سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے، نواسہ رسولۖ مرکز وحدت ہے، مجالس اور جلوس ہائے عزاء فکر حسینی کو دوام بخشنے کا ذریعہ ہیں، اسے کسی مسلک کے ساتھ منسلک کرنا اسلام کے ساتھ ناانصافی ہے، اسلام اگر آج زندہ ہے تو یہ کربلا والوں کا ہی احسان ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button