دہشتگردوں کیخلاف کارروائی میں جو ردعمل آرہا ہے وہ قابل مذمت ہے علامہ سید ساجد علی نقوی
شیعہ علما کونسل کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے کہا کہ سرحد پر کشیدہ صورتحال ملک میں ہونیوالے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش ہے۔ عوام اپنے اندر یکجہتی پیدا کریں۔ تاکہ ہماری فوج یکسوئی اور بہتر انداز میں سرحدوں کی حفاظت سمیت ملک کے اندر چھپے دشمنوں کے خلاف موثر انداز میں کارروائی کر سکے۔امن دشمن قوتوں کیخلاف ہونے والا آپریشن ملکی مفاد میں ہے۔ایسی قوتوں کے خلاف ہونے والے آپریشن سے عوام مطمئن ہیں۔ان خیالات کا اظہار علامہ سید ساجد علی نقوی نے سرحد پر کشیدہ صورتحال اور ملک کے اندر ہونے والے دہشتگردوں کے خلاف ہونے والے آپریشن پر کیا۔انہوں نے کہا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ملکی مفاد میں ہے منفی عناصر اس میں رکاوٹ ڈالنا چاہتے ہیں ایسے حالات میں پاکستانی عوام کو اپنی صفوں میں یکجہتی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔تاکہ ملک کے بیرونی اور اندرونی دشمنوں کے خلاف بہتر اور موثر انداز میں کارروائی کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کیخلاف کارروائی میں جو ردعمل آرہا ہے وہ قابل مذمت ہے چنانچہ خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور شہید ہونے والوں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔