پاکستان

مظلومین یمن کی حمایت کرنے پر گلگت میں ہونیوالی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں، شیخ حسن جعفری

انجمن امامیہ بلتستان کے سرپرست اور بلتستان کے بزرگ عالم دین حجت الاسلام علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے مرکزی امامیہ جامع مسجد اسکردو میں جمعہ کی نماز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا بھر میں ہونے والے مظالم کے خلاف کبھی خاموش نہیں رہ سکتے، وہ مظالم چاہے عراق میں ہوں، شام میں ہوں، افغانستان میں ہوں، یمن میں ہوں یا چاہے دنیا کے جس کونے میں بھی ہوں، ان مظالم کے خلاف احتجاج کرنا انسانی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ مظلومین یمن کی حمایت میں ریلی نکالنے اور یمن میں ہونے والی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرنے والے گلگت کے جوانوں کو گرفتار کرنا افسوسناک ہے اور ہم اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے مظلومین کی حمایت میں ریلی نکالنا اور آواز بلند کرنا جرم ہے تو ہم یہ جرم بار بار کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے مظلومین کی حمایت کرنے والوں پر عائد مقدمات بلا جواز ہیں۔ شیخ محمد حسن جعفری نے کہا صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں پرامن ماحول کو خراب نہ کرے اور امن و بھائی چارگی کو فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے مظلومین پر تین ماہ سے حملے جاری ہیں اور اب تک یہ حملے نہیں رکے، یہاں تک رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بھی یمن میں سعودی جارحیت جاری رہی، جس کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور ہماری ساری ہمدردیاں یمن کے مظلومین کے ساتھ ہیں۔ گلگت میں یمن کے مظلومین کی حمایت میں ریلی نکالنے والوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں رہا کیا جائے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button