ایران

رہبر انقلاب اسلامی سے عراقی وزیر اعظم کی ملاقات

عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے اپنے دورہ تہران میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی- ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ تکفیری دہشت گردوں کے مقابلے میں عراقی حکومت اور قوم کی استقامت علاقائی ملکوں کی سلامتی کے تحفظ کا باعث ہے- آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ دہشت گردوں کے مقابلے میں عراقی عوام اور قبائل کی ایک اہم صفت جو ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ نمایاں ہوئی ہے وہ دشمنوں کے مقابلے میں ان کی شجاعت اور عزم و ارادہ ہے- آپ نے عراق میں سیاسی و قومی اتحاد کو بہت زیادہ ضروری قرار دیتے ہوئے تاکید کے ساتھ فرمایا کہ عوامی رضاکاروں کی طاقت و توانائی عراق کے مستقبل کے لئے بہت زیادہ اہمیت کی حامل ہے- آپ نے فرمایا کہ مغرب کی ایک کوشش عراق میں قومی اتحاد کو نقصان پہنچانا ہے اس لئے عراق میں اس بات کی بھرپور کوشش کئے جانے کی ضرورت ہے کہ شیعہ و سنی کرد اور دیگر قوموں کے درمیان اتحاد کو کوئی متاثر نہ کرسکے- رہبر انقلاب اسلامی نے عراق کی قانونی حکومت کے لئے ایران کی ہمہ گیر حمایت پر تاکید کی اور فرمایا کہ عراقی حکومت اور قوم کے لئے ایران کی یہ حمایت بدستور جاری رہے گی- حیدر العبادی نے رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ملک کی حکومت اور قوم کے لئے ایران کی جاری حمایت کو سراہا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے بھرپور تعاون کو دونوں ملکوں کے درمیان گہرے تعلقات کا مظہر قرار دیا- عراق کے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی حکومت، عراق میں قومی اتحاد کے خلاف تیار کی جانے والی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی- انھوں نے کہا کہ عراق و شام میں سرگرم عمل تکفیری دہشت گرد، شیعہ اور سنی دونوں کے دشمن ہیں- حیدر العبادی نے کہا کہ عراقی عوام نے داعش دہشت گردوں کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کرکے اپنی توانائی کا ثبوت دیا ہے تاہم اس دہشت گرد گروہ کے بڑھتے ہوئے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لئے علاقے کے تمام ملکوں کے درمیان اتحاد کی ضرورت ہے-

متعلقہ مضامین

Back to top button