پاکستان

نام نہادجہاد کے ذریعے اسلام کے تشخص کو خراب کیا جا رہا ہے، صاحبزادہ حامد رضا

سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے علماء کے وفد گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی جہاد کے ذریعے اسلام کے تشخص کو خراب کیا جا رہا ہے، حقیقی علماء اسلام کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں، ایک دوسرے کی کرپشن چھپانے کو مفاہمی سیاست کا نام دیا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی جھنڈا لہرانے والے حریت پسندوں کی گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، سبین محمود کی ٹارگٹ کلنگ میں بھارت ملوث ہے، حکومت تھانہ کلچر میں کوئی تبدیلی نہیں کر سکی، تھانے دہشت اور پولیس نفرت کی علامت بن چکے ہیں، سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کروانا مسلم لیگ نون کا پرانا وطیرہ ہے، شریف خاندان کی سیاست پولیس اور پٹواری تک محدود ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مکہ اور مدینہ کسی خاص مکتبہ فکر کی نہیں تمام مسلمانوں کی عقیدت کا مرکز ہے، حرمین شریفین کے نام پر فرقہ واریت پھیلانے والے اسلام اور پاکستان دشمنی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ حکومت دہشت گردوں کے ہمدردوں کو گلے اور دہشت گردوں کے مخالفین کو دیوار کے ساتھ لگا رہی ہے، محب وطن اہلسنّت رہنماؤں کو فورتھ شیڈول سے نکالا جائے اور پر امن علماء اہلسنّت پر قائم کئے گئے مقدمات ختم کئے جائیں، حکومت پاک سر زمین پر غیر ملکی ایجنسیوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کرے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پنجاب کا آدھا بجٹ لاہور پر خرچ کر کے پسماندہ اضلاع کی حق تلفی کی جا رہی ہے، پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کا احساس محرومی ختم نہیں کر سکی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button