مقبوضہ فلسطین

اقوام متحدہ مسئلہ فلسطین حل کرائے

مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج اور پولیس کی سیکیورٹی میں یہودی انتہا پسندوں کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری یلغار پر اردن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر قبلہ اول کو نقصان پہنچا تو پوری اسلامی دنیا میں اسرائیل کے خلاف شدید نفرت کی لہر اٹھے گی جس کے خوفناک نتائج کی ذمہ داری اسرائیل پرعائد ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ میں اردن کی مستقل مندوب دینا قعوار نے سلامتی کونسل کے مشرق وسطیٰ کے معاملے پر منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہودی انتہا پسندوں کی مسلسل کارروائیوں سے قبلہ اول کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ قبلہ اول دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے لئے ایمان اور عقیدے کا درجہ رکھتا ہے اور یہ سرخ لکیر ہے جسے کسی قیمت پر پار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ ایک جانب انتہا پسند یہودی مسلمانوں کے مقدس اور بابرکت مقام کی روز بے حرمتی کر رہے اور دوسری جانب اسرائیلی پولیس بیت المقدس میں پرامن مظاہرین پر طاقت کا بے جا استعمال کررہی ہے۔ دینا قعوار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی ریاست کی پالیسیوں سے ایسے لگ رہا ہے کہ وہ کھلے عام دنیا بھر کے مسلمانوں اور عرب ممالک کے کروڑوں باشندوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ مسجد اقصی دنیا کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے لیے سرخ لکیر ہے اور یہودیوں کے انتہا پسندانہ اقدامات اور قبلہ اول کی مسلسل بے حرمتی پر مسلمان خاموش نہیں رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے عالمی ادارے سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں کے قبلہ اول کو تحفظ فراہم کرنے اور مسئلہ فلسطین حل کرانے کے لئے فوری اور موثر اقدامات کرے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button