پاکستان

داعش اور طالبان ایک سکے کے دورخ ہیں جو ریالوں اور ڈالروں کی پیداوار ہیں، ثروت اعجاز قادری

سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ طالبان دہشتگرد پاکستان میں داعش کو پرموٹ کرنا چاہتے ہیں، علماء کرام و مشائخ عظام داعش نامی دہشتگرد تنظیم کے مکروہ چہرے کو عوام پر عیاں کریں، مزارات اولیاء سلامتی، امن ،بھائی چارگی کو فروغ دینے اور احترام انسانیت کا محور ہیں، دہشتگرد اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، طالبان مزارات اولیاء پر خود کش حملے کرکے قتل عام کرتے ہیں اور داعش بھی بیرون ممالک میں مزارات انبیاء ،مزارات صحابہ ،مزارات اولیاء کو دہشتگردی کا نشانہ بنارہے ہیں، مزارات پر دہشتگردی کرکے یہ کونسے مذہب کی خدمت کررہے ہیں ،داعش اور طالبان ایک سکے کے دورخ ہیں جو ریالوں اور ڈالروں کی پیداوار ہیں ، مزارات اولیاء کا تحفظ سروں پر کفن باندھ کرکرینگے ،اس راہ میں اگر ہماری جانیں چلی جائیں تو یہ ہمارے لئے سعادت ہوگی،حضرت عبداللہ شاہ غازی رحمتہ اللہ علیہ نے امن محبت انسانیت کے احترام کو فروغ دیکر اسلام کے حقیقی پیغام کا پرچار کیا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت عبداللہ شاہ غازی کے عرس کے موقع پر مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر معاون خصوصی برائے اوقاف وزیر اعلیٰ سندھ عبدالحسیب،پیر قطب الدین فریدی،پیر اعجاز ہجویری،ودیگر علماء و مشائخ اہلسنت بھی موجود تھے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ غازی نے ظلم کے سامنے جھکنے کی بجائے وقت کے جابر حکمرانوں کو للکارااور دین حق کی سربلندی کیلئے جام شہادت نوش فرمایا،آپ نے برصغیر پاک وہند میں اسلام کی کرنیں منور کرکے جہالت کے اندھیروں کو ختم کیا ،انہوں نے کہا کہ استحصالی و سامراجی قوتیں مسلمانوں کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتیں وہ ڈالروں اور ریالوں کے ذریعے مسلم ممالک میں دہشتگردی پھیلا رہی ہیں ،یہودونصاریٰ کے پیروکار مسلمانیت کا لبادہ اوڑھ کر مزارات پر دہشتگردی کے ساتھ دین اسلام میں بگاڑ کرنے کے درپے ہیں ،انہیں روکنا ہر عاشق رسول کا ایمانی فریضہ ہے پاکستان سنی تحریک کا ایک ایک کارکن دین اسلام کے دشمنوں کے لئے ننگی تلوار ہے ،مزارات کا تحفظ اور دین اسلام کی سربلندی کی جدوجہد سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے ،عشق رسول میں جینا اور مرنا اہل حق کا شیوہ رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button