پاکستان

کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، میدان میں حاضر رہیں گے، علامہ علی انور جعفری

alianwerمجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرٹری روابط اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 102 سے امیدوار علامہ علی انور جعفری نے ایم ڈبلیو ایم کے انتخابی امیدواروں کو ملنے والی دھمکیوں اور منفی پروپیگنڈہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ استعماری طاقتیں ایم ڈبلیو ایم کی عوامی قوت سے پریشان ہیں اور اور اپنے ایجنٹوں کے ذریعے کبھی وال چاکنگ مٹوائی جارہی ہے، کبھی ہمارے کارکنان اور انتخابی امیدواروں کو قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں تو کبھی ایم ڈبلیو ایم کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر دور میں ہر مشکل کا سامنا کیا ہے اور کسی بھی طرح کے حالات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ہم نے چودہ سو سال کی تاریخ میں مشکلات برداشت کی ہیں لیکن کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی، ہم کسی کی دھمکی سے ڈرنے والے نہیں ہیں، میدان میں حاضر رہیں گے۔

علامہ علی انور جعفری نے مزید کہا کہ بعض استعماری ایجنٹ مجلس وحدت مسلمین کی عوامی طاقت سے خوفزدہ ہوکر قوم کو گمراہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں اور یہ پروپیگنڈہ کر رہے ہیں کہ علامہ ناصر عباس جعفری آج ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو گئے ہیں جبکہ وہ اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروپیگنڈہ کرنے والوں کا مقصد صرف اور صرف یہ ہے کہ وہ ملت جعفریہ کی سیاسی طاقت سے خائف ہیں، وہ اس ملت کو سیاسی طور پر کبھی بھی طاقتور نہیں دیکھنا چاہتے، ایسے لوگ جو ملت میں افتراق پیدا کرتے ہیں وہ مظلوم ملت کے دردوں میں مزید اضافہ کرتے ہیں وہ یقیناً اس ملت کے دشمن ہیں، وہ کربلا اور اس کے حقیقی پیغام کے دشمن ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے رہنما نے کہا کہ ہم نے امام علی (ع) کے سیاسی اصولوں کی بنیاد پر اپنی جدوجہد کا آغاز کیا ہے، ہمارے سر کٹ تو سکتے ہیں مگر باطل قوتوں کے سامنے کبھی نہیں جھک سکتے، جس قوم کے پاس کربلا جیسا عظیم ورثہ موجود ہو اس قوم کو دنیا کی کوئی طاقت گمراہ نہیں کرسکتی اور نہ ہی اسے شکست دے سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین شیعہ قوم کی ڈھال ہے اور اس ڈھال کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، اور انشاءاللہ ہم اپنی تاریخ کو دھراتے ہوئے خیبر کی یاد کو تازہ کریں گے اور دشمن کو سیاسی میدان سمیت ہر میدان میں شکست دیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button