پاکستان

لاہور میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کیخلاف اہلسنت نوجوانوں کا زبردست مظاہرہ

shia suni unityلاہور پریس کلب کے باہر اہلسنت نوجوانوں کی کیثر تعداد نے پاکستان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا ہے ۔ مظاہرین نے کتبے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر شیعہ ٹارگٹ کلنگ بند کرو، شیعہ سنی بھائی بھائی، استعماری سازشیں بے نقاب کی جائیں، دشمن کی سازشوں کا توڑ اتحاد ہے، جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین دیر تک شیعہ سنی اتحاد کے لئے نعرے لگاتے رہے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان بنانے میں اہلسنت کے ساتھ ساتھ اہل تشیع نے بھی برابر بلکہ اہلسنت کی نسبت زیادہ قربانیاں دی تھیں اور پاکستان کی ترقی میں بھی اہل تشیع افراد کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں لیکن مخصوص سازش کے تحت پاکستان میں ملت تشیع کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ملک کو فرقہ واریت کی آگ میں دھکیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے اس خاموشی سے ایسے لگتا ہے کہ یہ سب کچھ حکومت کی رضا مندی سے ہو رہا ہے۔
رہنماؤں نے مزیدکہا کہ ہمارا تعلق کسی بھی مذہبی یا سیاسی جماعت سے نہیں ہم محب وطن سنی شہری ہیں اور ہمیں اپنے شیعہ بھائیوں کے درد کا احساس ہے ہم اپنے شیعہ بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور ملت تشیع کو ہر شہر میں تحفظ فراہم کیا جائے۔
مقررین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ شیعہ پاکستانی شہری ہیں ان کی ٹارگٹ کلنگ پر سومو ایکشن لینے میں آخر کیا قباحت ہے جو انہوں نے خود کارروائی کی بجائے دہشت گردی کے خلاف رٹ دائر کرنے کا کہا ہے۔ مقررین نے اس بات پر افسو س کا اظہار کیا کہ پنجاب کے کسی دور پسماندہ گاؤں میں کسی لڑکی کے ساتھ زیادتی ہو جائے تو چیف جسٹس کو نیند نہیں آتی اور اگر ہمارے شیعہ بھائیوں کو درجنوں کی تعداد میں گاڑیوں سے اتار کر شہید کر دیا جائے تو وہ غفلت کی نیند سے بیدار ہونے کا نام نہیں لیتے۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کو دوہرا معیار نہیں اپنانا چاہیے۔ اہل سنت نوجوانوں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حفاظت کے لئے تمام شیعہ اور سنی متحد ہیں اور دشمن کی سازشوں سے بھی اچھی طرح آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استعماری اور اسلام دشمن قوتیں اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوں گے اب شیعہ اور سنی ایک دوسرے کا خون نہیں بہائیں گے بلکہ وہ وقت بہت قریب ہے جب شیعہ اور سنی مل کر استعمار کا جنازہ پاکستان نے نکالیں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button