اسرائیلی فضائی حملہ شام کو تباہ کرنیکی کوشش ہے، حزب اللہ

حزب اللہ لبنان نے اسرائیل کی طرف سے شام پر کئے جانے والے فضائی حملے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ نے بھی اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے شام کو تباہ کرنے کی ایک کوشش سے تعبیر کیا ہے۔ حزب اللہ کی طرف سے جمعرات کو جاری کیے گئے ایک بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ جارحیت شام کے خلاف اس سازش کا پردہ فاش کرتی ہے جو گذشتہ دو برسوں سے شام کو اپنی لپیٹ میں لیے ہوئے ہے۔ یہ شام اور اس کی فوج کو تباہ کرنے کی ایک کوشش ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دوسری جانب عرب ممالک کی نمائندہ تنظیم عرب لیگ نے بھی اس حملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک کھلی جارحیت اور ایک عرب ملک کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔








