شام میں صحابی رسول (ص) کے روضہ کی توہین کیخلاف کرگل میں احتجاجی جلوس

حضرت حجر ابن عدی پیغمبر اسلام (ص) اور حضرت علی (ع) کے بزرگ صحابیوں میں سے ایک تھے، جن کی قبر مبارک کو گذشتہ شام میں النصر نامی دہشت گرد گروپ نے منہدم کرکے آپ کے جسد خاکی کو نامعلوم مقام کی طرف لے گئے ہیں، اس خبر کے سنتے ہی آج اِدھر کرگل میں امام خمینی (رہ) میموریل ٹرسٹ کرگل کے زیراہتمام ایک مذمتی جلوس برآمد ہوا، جو جامع مسجد کرگل سے اسلامیہ اسکول سے گزرتا ہوا لال چوک کرگل میں اختتام پذیر ہوا، جہاں مقررین نے اس واقعہ پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی، دوران جلوس علماء کے ساتھ ساتھ عوام کی بھی کثیر تعداد موجود تھی جو امریکہ کی ایماء پر شام پر جاری اس جارحیت کے خلاف زبردست نعرے بازی کر رہے تھے، لوگ عرب حکومتوں سے نالاں تھے اور امریکہ، اسرائیل اور عرب حکمرانوں کے خلاف بھی نعرے لگا رہے تھے۔
جلوس میں موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین آف امام خمینی (رہ) میموریل ٹرسٹ کرگل شیخ محمد حُسین لطفی نے کہا کہ اس طرح کی حرکت کرنے والوں کا اسلام سے کوئی سروکار نہیں ہے اور یہ کام کسی بڑی سازش کا حصہ ہے کہ جسکا مقصد مسلمانوں کو فرقہ وارانہ طور پر توڑنا ہے، جس میں عرب حکمران بھی ملوث ہیں، آئی کے ایم ٹی کے گارجین کونسل کے سربراہ شیخ محمد محقق نے اس موقعہ پر عرب حکمرانوں کی خاموشی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اسے ذلت آمیز خاموشی قرار دیا، اور او آئی سی کو ایک فریب اور ڈھونگ سے تعبیر کیا، جبکہ بسیج روحانیوں کے سیکرٹری مولانا عباس کراروی نے اس موقعہ پر کہا کہ اگر ان دہشت گردوں کا بس چلے تو یہ رسول خدا (ص) کے روضہ کو بھی نہیں بخشیں گے، انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیلی سازشوں میں ملوث عرب پٹھوں کے ذریعہ کی جانے والی اسلام مخالف کوئی بھی سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔








