حرام مال انسان کو اللہ کے مقابل کھڑا کرتا ہے، آیت اللہ فاضل لنکرانی
شیعیت نیوز : آیت اللہ محمد جواد فاضل لنکرانی نے کہا ہے کہ حرام مال انسان کو اللہ تعالیٰ کے مقابل کھڑا کر دیتا ہے، اس لیے آمدن، خوراک، ادویات اور معاملات میں حلال و حرام کی پابندی ضروری ہے۔ تہران میں حلال اور صحت و سلامتی سے متعلق پہلی بین الاقوامی کانفرنس کے نام ویڈیو پیغام میں انہوں نے ذمہ دار اداروں سے اس موضوع پر عوامی شعور بیدار کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ حلال شرعی جواز کا عنوان ہے، جبکہ طیب میں پاکیزگی اور شائستگی کا مفہوم بھی شامل ہے۔ انہوں نے قرآن کریم کی ہدایات کی روشنی میں کہا کہ حلال و حرام کا تعلق صرف خوراک نہیں بلکہ لباس، ادویات، تجارت اور مالی معاملات سے بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں فاطمہ شناسی کو عام کیا جائے، آیت اللہ فاضل لنکرانی
آیت اللہ فاضل لنکرانی نے حرام خوری کے اخلاقی اثرات بیان کرتے ہوئے واقعہ کربلا کی طرف توجہ دلائی اور سود خوری کو اللہ تعالیٰ سے جنگ قرار دیا۔ انہوں نے خوراک اور ادویات کی نگرانی پر زور دیا اور کہا کہ علاج کا انحصار کسی دوا پر ہو اور متبادل نہ ہو تو فقہی ضرورت کا حکم الگ ہے۔
انہوں نے حوزہ علمیہ اور مرکز فقہی ائمہ اطہار علیہم السلام کی جانب سے صحت کے اداروں اور متعلقہ حکام کے ساتھ علمی و فقہی تعاون کی آمادگی ظاہر کی۔ کانفرنس میں علمی و فقہی ماہرین، پیداوار و برآمدات سے وابستہ افراد اور اسلامی ممالک کے مہمان شریک ہوئے۔







