پاکستان اور ایران کشیدگی کے خواہشمندوں کے ہاتھوں کھلونا نہ بنیں، روس
شیعیت نیوز : روس نے ایران اور پاکستان سے اپیل کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اختلافات کو سفارت کاری کے ذریعے حل کریں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے امریکا کا نام لیے بغیر کہا کہ پاکستان اور ایران کشیدگی کو طول دیکر ان لوگوں کے ہاتھوں میں کھلونا نہ بنیں جو خطے میں امن نہیں چاہتے۔
ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی، خطے کے امن و استحکام اور سلامتی میں دلچسپی نہ رکھنے والوں کے لیے سود مند ہوگی۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان اور ایران شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کا حصہ ہیں۔
یہ افسوسناک ہے کہ یہ دوست ایس سی او ممالک کے درمیان ہو رہا ہے جن کے ساتھ ہم شراکت داری کے تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :دہشت گردی کے خلاف جنگ خطے کے تمام ممالک کی ذمہ داری ہے، ایرانی وزیر خارجہ
روس کی ترجمان نے ایران اور پاکستان پر زور دیا کہ ذمہ دار ممالک ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنے اختلافات کو سفارت کاری کے ذریعے حل کریں۔
ترجمان زاخارووا نے کہا کہ کسی دوسرے ملک کی خود مختار سرزمین پر دہشت گردی کے خلاف کوئی بھی کارروائی اس ملک کے حکام کے ساتھ معاہدے اور ہم آہنگی کے ساتھ کی جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ ایران نے بلوچستان میں میزائل حملہ کیا تھا جس میں 2 بچے شہید اور 5 بچیاں زخمی ہوگئی تھیں جس کے جواب پاکستان نے ایران میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔