ایران

غزہ پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے سیاسی خودکشی ہیں، بریگیڈیئر رضا آشتیانی

شیعیت نیوز: ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر رضا آشتیانی نے غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کو سیاسی خودکشی قرار دیا ہے۔

ارنا کے مطابق وزیر دفاع بریگيڈیئر جنرل محمد رضا آشتیانی نے شام کے وزیر دفاع کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت فلسطینی مجاہدین کے آپریشن میں اپنی نا قابل تلافی فوجی اور انٹیلیجنس شکست کا انتقام بے گناہ فلسطینی عوام اور بچوں کا قتل عام کرکے لے رہی ہے۔

انھوں نے غزہ کے المعمدانی اسپتال پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے حالات دردناک ہیں جنہوں نے ہمیں غمگین کردیا ہے۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر رضا آشتیانی نے کہا کہ صیہونی حکومت نے غزہ میں انسانیت کے خلاف جرائم سے اپنی ذات اور ماہیت مزید آشکارا کردی ہے۔

انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے یہ حملے سیاسی خودکشی کے مترادف ہیں

شام کے وزیر دفاع نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں کہا کہ ہم صیہونی جرائم کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں اور غزہ کے حالات نے ایک بار پھر شہیدوں کے خون کی حقانیت کو ثابت اور صیہونیوں کو رسوا کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تین جمع تین کے وزرائے خارجہ کا تہران میں اجلاس

دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان نے حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں غزہ کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ارنا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں غزہ کی صورت حال اور رہائشی عمارتوں اور بے گناہ عام شہریوں پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کو روکنے کی راہوں کا جائزہ لیا۔

ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے درمیان ہونے والی اس ٹیلیفونی گفتگو کی مزید تفصیلات سامنے نہيں آئی ہیں۔

وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان نے اسماعیل ہنیہ کے ساتھ گفتگو سے پہلے مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری سے ٹیلیفون پر غزہ کی صورت حال اور مظلوم فلسطینی عوام تک امداد رسانی پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

ایران اور مصر کے وزرائے خارجہ کی ٹیلیفونی گفتگو میں غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی روک تھام کی راہوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button