ایرانی شہر زاہدان میں پولیس اسٹیشن پر حملہ، دو پولیس اہلکار شہید

شیعیت نیوز: ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے شہر زاہدان میں دہشت گردوں نے تھانہ نمبر 16 پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوئے ہے۔
رپورٹ کے مطابق زاہدان میں پولیس تھانے پر دہشت گردانہ حملہ کرنے والے دہشت گرد، پولیس کے محاصرے میں آ گئے ہیں ۔ اب تک کی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا محاصرہ کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زاہدان شہر کی مجموعی صورتحال کنٹرول میں ہے۔
صوبہ سیستان و بلوچستان کے گورنر ہاؤس کی سیاسی و سلامتی کے امور کے معاون علی رضا مرحمتی نے کہا ہے کہ 7 بجکر 15 منٹ پر 4 دہشت گردوں نے تھانے پر ہینڈ گرینیڈ سے حملہ کیا، انہوں نے کہا کہ حملہ خودکش نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں : امامزادہ شاہچراغ کے مزار پر حملے کے دو ملزمان کو پھانسی دی گئی
علی رضا مرحمتی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تھانے کے اندر داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوئے اور اس وقت وہ سیکیورٹی فورسز کے محاصرے میں ہیں۔
صوبہ سیستان و بلوچستان کے پراسیکیوٹر نے اس دہشت گردانہ حملے میں دو اہلکار کے شہید ہونے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب زاہدان کے تھانے پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد حالات معمول پر آ گئے۔
ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے آئی جی پولیس جنرل جلیلیان نے کہا ہے کہ شہر زاہدان میں 4 دہشت گردوں نے تھانہ نمبر 16 پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا، ہونے والے حملے کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تمام دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حملے میں پولیس کے 2 جوان شہید ہو گئے۔
صوبہ سیستان و بلوچستان کے آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تھانے میں عام شہریوں کی طرح آئے اور پھر اس کے بعد انہوں نے کارروائی شروع کی۔