ایران

ایرانی قوم نے ہمیشہ دشمنوں کو ناامید اور مایوس کیا، صدر مملکت رئیسی

شیعیت نیوز: ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے مختلف میدانوں میں عوام کی موجودگی کو ایران کے دشمنوں میں ناامیدی و مایوسی کا باعث قرار دیا ہے۔

ایران کےصدر سید ابراہیم رئیسی نے جمعرات کو عشرہ فجرکی تقریبات کا اہتمام کرنے والی مرکزی کمیٹی کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے بابصیرت اور باشعور عوام نے مختلف میدانوں منجملہ تیرہ آبان مطابق چار نومبر کے واقعے کی مناسبت سے منعقدہ تقریبات میں شرکت کر کے جو اس سال گذشتہ برسوں کے مقابلے میں بہت زیادہ پرجوش تھیں اس بات کو ثابت کیا ہے کہ وہ اپنے ملک کے انقلاب اور نظام کے دفاع میں ہمیشہ تیار رہتے ہیں ۔

صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ایران کے حالیہ واقعات اور دشمنوں کی فتنہ انگیزی کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی کا تجزیہ و تحلیل سازشوں کو ناکام بنانے میں نہایت مؤثر واقع ہوئی ہے۔

انھوں نے اپنی حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کے تمام تر دباؤ کے باوجود ملک مسلسل ترقی کرتا رہا جبکہ غیر قانونی و ظالمانہ پابندیوں کو ختم کرانے کے لئے مذاکرات میں ایران نے عزت و وقار کے ساتھ شمولیت اختیار کی اور دشمن کی کوئی بھی چال کامیاب نہیں ہونے دی ۔

صدر مملکت نے خارجہ تعلقات اور اقتصادی شعبے میں بھی اپنی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی اور علاقے کے ملکوں کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو پہلے سے زیادہ فروغ دے کر پابندیوں کو ناکام بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ اصفہان ڈرون حملے کے پیچھے اسرائیل ہے، سعید ایروانی

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اپنی ایک ٹویٹ میں بعض میڈیا ذرائع کی خبروں کو مسترد کیا جن میں کہا گیا ہے کہ فرنچ فوج کی اسپیشل فورسز نے یمن بھیجے گئے ایرانی ہتھیاروں کو دریافت کیا ہے۔ انہوں نے ایسے الزامات کو سیاسی مقاصد کے تحت اور عالمی رائے عامہ کو غلط سمت منحرف کرنے کے مترادف قرار دیا۔

کنعانی نے زور دیا کہ وہ ممالک جو فوجی سودوں اور انٹیلی جنس امداد کی صورت میں یمن پر حملہ کرنے والے ملکوں کی مدد کرنے اور یمنی عوام کے غیر انسانی محاصرے میں مدد فراہم کرنے میں براہ راست ملوث ہیں، دوسروں پر الزام لگانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان ممالک کے لیے بہتر ہے کہ وہ یمن کے بے دفاع اور مظلوم عوام کے خلاف مسلط کردہ جنگ میں اپنی ذمہ داری سے پہلو تہی کرنے کے بجائے جلد از جلد اس ظالمانہ جنگ میں اپنی موقع پرستی اور منافع خوری کو ختم کریں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button