ایران اور روس کو اپنی مشترکہ صلاحیتوں سے فائدہ اُٹھانا چاہیئے، جواد اوجی
انہوں نے روس کے ساتھ مختلف معاہدوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایران نے اس وقت تیل اور گیس کے شعبوں کی ترقی کے لیے بڑی روسی کمپنیوں کے ساتھ 4 ارب ڈالر سے زیادہ کے معاہدے کئے ہیں

شیعیت نیوز: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پٹرولیم "جواد اوجی” نے آج حکومتی وفد سے ملاقات میں گذشتہ روز ایران اور روس کے مابین مشترکہ اجلاس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ تین سال کے بعد اس مشترکہ کمیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبوں کے حوالے سے بہترین معاہدے کیے گئے، جن میں شپنگ، ٹرانسپورٹیشن، پاور پلانٹ، پانی، صحت، صنعت اور تجارت شامل ہیں۔ ان معاملات پر پہلے سے ہی ورکنگ گروپس تشکیل دیئے گئے تھے اور کل روسی حکام کے ساتھ تمام تجاویز کی حتمی سمری تیار کی گئی۔
انہوں نے روس کے ساتھ مختلف معاہدوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایران نے اس وقت تیل اور گیس کے شعبوں کی ترقی کے لیے بڑی روسی کمپنیوں کے ساتھ 4 ارب ڈالر سے زیادہ کے معاہدے کئے ہیں، ان معاہدوں کے علاوہ مختلف شعبوں میں بڑی روسی کمپنیوں کے ساتھ 40 بلین ڈالر سے زیادہ کی یادداشتوں پر پڑوسی ممالک کو گیس برآمد کرنے والی پائپ لائنوں کی تعمیر، تیل کی فروخت، گیس، پیٹرولیم اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی برآمدگی کے لئے دستخط کئے گئے ہیں۔ اسی سلسلے میں گذشتہ ماہ روس کو پیٹرو کیمیکل مصنوعات بھی صادر کی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی ترقی کے حکومتی دعوے محض اخباری بیانات اور جلسوں تک ہی محدود دکھائی دے رہے ہیں، علامہ ناظر عباس تقوی
جواد اوجی نے کہا کہ ہم نے تیل کی مصنوعات کے تبادلہ پر گفتگو شروع کی ہے اور گیس کے تبادلے کے سلسلے میں احسن اقدامات انجام دیئے گئے ہیں، اس کے علاوہ رشت-آستارا اور انچیبرون راہدارای کے حوالے سے بھی معاہدے کیے گئے۔ اسلامی جمہوریہ ایران اور روس شاید کبھی بھی ایک دوسرے کے اتنے قریب نہیں رہے ہیں، اس لئے دونوں ممالک کو اپنے مفاد کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں اور قابلیت کا فائدہ اُٹھانا چاہیئے۔