اہم ترین خبریںایرانشہید قاسم سلیمانی (SQS)

مجرم اور قاتل ٹرمپ پر مقدمہ چلایا جائے اور قصاص لیا جائے، صدر مملکت ایران

شیعیت نیوز: ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے تہران میں شہید قاسم سلیمانی کی دوسری برسی کی مناسبت سے ایک عظيم الشان اجتماع سے خطاب میں امریکہ کے سابق صدر قاتل ٹرمپ سے قصاص لینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید قاسم سلیمانی کے مکتب کو قتل، دہشت گردی اور میزائلوں سے تباہ نہیں کیا جاسکتا۔

صدر مملکت ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے شہید جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر تہران کے مصلائے امام خمینی (رح) میں منعقدہ برسی کے مرکزی پروگرام سے خطاب کیا۔

صدر مملکت ابراہیم رئیسی نے برسی کے اجتماع سے اپنے خطاب میں امریکیوں اور ایرانی عوام کے دشمنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نے سمجھا تھا کہ تین جنوری کو حاج قاسم سلیمانی ختم ہوگئے لیکن یہ تمہارا خیال باطل ہے کیونکہ تین جنوری دوہزار بیس کو حاج قاسم سلیمانی کی دوبارہ پیدائش کا دن ہے۔

ایران کے صدر نے کہا کہ حاج قاسم سلیمانی عراقی وزیراعظم کے سرکاری مہمان تھے لہٰذا امریکیوں نے انھیں شہید کر کے عراق کی توہین کی اور ایک پوری قوم کا قتل کیا۔

یہ بھی پڑھیں : اشکبار آنکھوں اور غمزدہ دلوں کو امریکیوں کے نکل جانے کے بعد قرار آئے گا، زینب سلیمانی

صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اگر قاتل ٹرمپ ، پمپیئو اور دیگر مجرموں پر ایک غیرجانبدار عدالت میں منصفانہ طریقے سے مقدمہ چلایا گیا اور اس ہولناک اور شرمناک جرم کی سزا دی گئی تو بہتر ہے ورنہ یقین جانو کہ امت خود انتقام لے گی۔

ایران کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ حاج قاسم سلیمانی نے توانائیوں کو پہچان کر اور ان سے برمحل استفادہ کرکے حزب اللہ لبنان کو علاقائی و عالمی استقامتی محاذ میں تبدیل کردیا کہا کہ شہید قاسم سلیمانی نے ان کے جوانوں کی صلاحیتوں کو پہچان کر انھیں پورے جوش و ولولے ، شجاعت و دلیری اور ہدف کے ساتھ سامراجی محاذ کے مقابلے میں اتارا۔

صدر ابراہیم رئیسی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ قاسم سلیمانی ایک مکتب فکر کا نام ہے کہا کہ یہ مکتب فکر قتل اور میزائل سے ختم نہیں ہوگا اور حاج قاسم سلیمانی کا مکتب اور نظریہ قائم و دائم رہے گا۔

تہران میں برسی کے مرکزی اجتماع سے شہید قاسم سلیمانی کی بیٹی زینب سلیمانی نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حاج قاسم لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں انہوں نے کہا جو دشمن یہ سمجھ رہا تھا کہ اگر حاج قاسم کو شہید کردے گا تو قاسم سلیمانی کا کلام ، اثر اور ان کی آئیڈیالوجی ختم ہوجائے گی آج اس طرح کے عظیم الشان اجتماعات کو دیکھ کر سمجھ رہا ہے کہ اس نے غلطی کی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button