اہم ترین خبریںایران

صدر ابراہیم رئیسی کا ایرانی عوام کی معیشت کو اغیار سے منسلک نہ کرنے کا عزم

شیعیت نیوز: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی طرف سے تقرری کا حکم حاصل کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایرانی عوام کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کے خاتمہ کی کوششوں کے ساتھ ایرانی معیشت کو اغیار سے منسلک نہیں کریں گے۔

صدر ابراہیم رئیسی نے انتخابات میں عوام کی بھر پور شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے موجودہ صورتحال کو بدلنے کے لئے ووٹ دیا ہے اور ہم عوام کے تعاون سے موجودہ صورتحل کو بدل کر عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے۔

صدر سید ابراہیم رئیسی نے کہا کہ عوام نے کرپشن ، فساد ، مالی بد عنوانیوں کے خلاف اور عدل و انصاف اور ایران کی سربلندی اور سرافرازی کے لئے ووٹ دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عوام کا ہم سے تبدیلی کا مطالبہ ہے اور ہمارا منصوبہ بھی تبدیلی پر استوار ہے۔

ایران کے نئے صدر نے کہا کہ ہم ایرانی عوام کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کو ختم کرنے کے سلسلے میں تلاش و کوشش کریں گے لیکن عوامی معیشت کو کسی بھی صورت میں اغیار کے ساتھ منسلک اور وابستہ نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : مسائل کے حل کے لئے حکومت کی عوام سے قربت ضروری ہے، قائد انقلاب آیت اللہ خامنہ ای

دوسری جانب ایران کے نئے صدر سید ابراہیم رئیسی 5 اگست بروز جمعرات پارلیمنٹ میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

ایران کی پارلیمنٹ کی پریزائڈنگ کمیٹی کے ترجمان سید نظام الدین موسوی نے کہا ہے کہ ایران کے نئے صدر سید ابراہیم رئیسی کی حلف برداری کی تقریب میں دنیا کے 73 ممالک کے 115 سرکاری عہدیدار شرکت کریں گے۔

سید نظام الدین موسوی نے کہا کہ ایران کے بنیادی آئین کی شق 121 کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی ۔ انھوں نے کہا کہ حلف برداری کی تقریب میں ایرانی عدلیہ کے سربراہ ، گارڈین کونسل کے اراکین اور پارلیمنٹ کے اسپیکر موجود ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کے نئے صدر سید ابراہیم رئیسی کی حلف برداری کی تقریب میں دنیا کے 73 ممالک کے 115 سرکاری عہدیدار شرکت کریں گے۔

سید نظام الدین موسوی نے کہا کہ سید ابراہیم رئیسی کی حلف برداری کی تقریب میں 10 ممالک کے صدور، 20 ممالک کے پارلیمانی سربراہان، 11 ممالک کے وزراء خارجہ، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نمائندے ، یورپی یونین کے نمائندے اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔

ایران کے نئے صدر سید ابراہیم رئیسی جمعرات 5 اگست کو پارلیمنٹ میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اس قومی اور پروقار تقریب میں کورونا پروٹوکول کے ضوابط کے ساتھ ملکی و غیر ملکی مہمانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button