اہم ترین خبریںمقبوضہ فلسطین

غزہ جنگ میں جنرل قاآنی خود علاقے میں پہنچ کر اس آپریشن کی نگرانی کرتے رہے، طلال ناجی

شیعیت نیوز: فلسطینی مزاحمتی تحریک ’’آزائ فلسطین کے عوامی محاذ‘‘ کے نئے سیکرٹری جنرل طلال ناجی نے عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی کے جانشین جنرل اسماعیل قاآنی کی تعریف و تمجید کرتے ہوئے انہیں جنرل سلیمانی کے نقش قدم پر گامزن ان کا حقیقی جانشین قرار دیا ہے۔

المیادین کے ساتھ گفتگو میں طلال ناجی نے جنرل اسماعیل قاآنی کو محبت اور تمام امور کی نزدیک سے نگرانی کرنے والا، متواضع، پرعزم اور انتہائی اعلی خود اعتمادی کا حامل شخص قرار دیا اور اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ وہ تمام فلسطینی مزاحمتی گروہوں کی مدد میں کوشاں ہیں، کہا کہ پہلی ملاقات میں وہ مجھے وہی جنرل قاسم سلیمانی نظر آئے جو آیت اللہ خامنہ ای کی رہنمائی میں اپنے اسی مخصوص رستے پر گامزن ہیں۔

فلسطینی آزادی کے عوامی محاذ کے سربراہ نے غاصب صیہونی حکومت کے مظالم کے خلاف لڑے جانے والے حالیہ مزاحمتی آپریشن سیف القدس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطینی، خصوصا غزہ کے مزاحمتی گروہوں کی پیشرفت کے لئے سخت کوشاں ہیں اور یہی وجہ ہے کہ حالیہ سیف القدس آپریشن کے دوران انہوں نے نہ صرف کئی مرتبہ اس علاقے کا دورہ کیا بلکہ وہ متعلقہ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں رہے تاکہ خود بنفس نفیس اس معرکے کا نزدیک سے جائزہ لے سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : عراق: اربیل شہر میں امریکہ کے فوجی اڈے پر ڈرون حملہ

طلال ناجی نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تاکید کی کہ فلسطین کی بے دریغ مدد پر حزب اللہ لبنان، تہہ دل سے شکریے کی مستحق ہے کیونکہ حزب اللہ جب بھی صیہونی دشمن کا مقابلہ کرتی ہے؛ تو درحقیقت وہ پوری کی پوری امت مسلمہ کی نیابت میں یہ معرکہ انجام دیتی ہے۔

واضح رہے کہ طلال ناجی فلسطینی آزادی کے عوامی محاذ کے قدیمی مرکزی رہنماء ہیں جنہیں سابق سیکرٹری جنرل احمد جبرئیل کی وفات کے بعد اس مزاحمتی تحریک کا سربراہ چن لیا گیا تھا جبکہ احمد جبرئیل کی وفات پر رہبر انقلاب کی جانب سے ارسال کئے گئے تعزیتی پیغام میں انہیں فلسطینی امنگوں کا اولین داعی قرار دیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button