اہم ترین خبریںدنیا

اسرائیل کی ڈیمونا ایٹمی تنصیبات میں خفیہ سرگرمیوں کا انکشاف

شیعیت نیوز: مغربی ایشیا میں ایٹم بم رکھنے والی واحد حکومت اسرائیل کی پہلے سے ہی خفیہ سرگرمیوں کے لئے مشہور ڈیمونا ایٹمی تنصیبات میں، نئی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

سٹیلائٹ سے لی گئی تصاویر سے صحرائے نیگو میں ڈیمونا ایٹمی تنصیبات میں وسیع پیمانے پر تعمیراتی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

آئی پی ایف ایم نے کمرشیل سٹیلائٹ تصاویر کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ڈیمونا تنصیبات میں نئی تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ آئی پی ایف ایم، 17 ممالک کے ایٹمی ماہرین کی آزاد تنظیم ہے۔

ڈیمونا میں جس جگہ پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں، وہ جگہ ایٹمی ری ایکٹر ری پراسیسنگ پلانٹ کے نزدیک ہے۔

آئی پی ایف ایم نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ تعمیراتی سرگرمیاں بڑھ گئی ہيں اور سائٹ پر تعمیرات میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کے ساتھ بہت تیزی سے کام جاری ہے جو نظر آ رہا ہے تاہم ان سرگرمیوں کا ہدف ابھی واضح نہیں ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اپنی ایٹمی سرگرمیوں کو مخفی طور پر جاری رکھے ہے اور وہ این پی ٹی کا رکن بھی نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مزاحمت ہمارا فطری اور قانونی حق ہے، جہاد اسلامی فلسطین موومنٹ

دوسری جانب اسرائیلی حکومت نے اسلحہ کے انبار لگانے کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے چھ ارب ڈالر کا اسلحہ خرید کرنے کی منظوری دی ہے۔

عبرانی نیوز ویب سائٹ ’’واللا‘‘ کے مطابق کابینہ نے فوج کے لیے مزید 6 ارب ڈالر کا اسلحہ، گولہ بارود اور فوجی سازو سامان خرید کرنے کی منظوری دی۔ اس منظوری میں سب سے بڑی ڈیل امریکہ کے ساتھ کی جائے گی جس میں جنگی طیارے، جنگی ہیلی کاپٹر، جدید جنگی آلات، فوج کے فضائی آلات، ڈیجیٹل آلات، سائبر آلات، فضائی دفاع کا ساز و سامان اور جاسوسی کے آلات شامل ہیں۔

گذشتہ منگل کو اسرائیلی حکومت نے جنگی سازو سامان کی خریداری کے لیے دو سال کے بعد ایک بڑی رقم مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔

عبرانی نیوز ویب سائٹس کے مطابق اسرائیل امریکہ سے ’’ایف 35‘‘ بمبار طیارے خریدنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ صیہونی ریاست اس ماڈل کے 75 طیاروں کی خریداری کرنا چاہتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button