ایران

فرانس ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے باز رہے۔ سید عباس موسوی

شیعت نیوز: ایران نے فرانس کے حکام سے کہا ہے کہ وہ ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کرےاور شام کے خلاف امریکہ اور یورپی یونین کی پابندیاں بڑھائے جانے کی مذمت کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے فرانس کے حکام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس کو ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت بند کردینی چاہیے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے فریبا عادلخواہ کے معاملے کو عدالتی معاملہ قراردیتے ہوئے کہا کہ فریبا عادل خواہ اپنے جرم کے مطابق سزا کاٹ رہی ہے اور اس سلسلے میں فرانسیسی حکام کی مداخلت اور اظہار خیال ایران کے امور میں واضح مداخلت ہے جو ایران کے لئے ناقابل قبول ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مزار حضرت عمر بن عبدالعزیز ؒکس نے اور کب گرایا شامی وزیر نے پاکستانی وزیر کو بتا دیا

سید عباس موسوی نے کہا کہ فرانسیسی حکام کے پروپیگنڈے سے فریبا عادل خواہ کی سزا میں کوئی تبدیلی پیدا نہیں ہوگی اس لئے فرانسیسی حکام کے لئے یہی بہتر ہے کہ وہ ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا سلسلہ ختم کردیں۔

واضح رہے کہ فرانس کے وزیر خارجہ ژان ایو لودریان Jean-Yves LE DRIAN نے جمعہ کے روز ایک بیان میں فریبا عادل خواہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے شام کے خلاف امریکہ اور یورپی یونین کی پابندیاں بڑھائے جانے کی مذمت کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے شام کے خلاف امریکہ اور یورپی یونین کی پابندیاں بڑھائے جانے کو ایک غیر قانونی اور انسانیت سوز اقدام قرار دیا ہے اور اس کی مذمت کی ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پابندیوں کے منفی نتائج اور نقصانات کا براہ راست اثر شام کے عام شہریوں پر پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ پابندیاں ایک غیر انسانی حربہ ہیں جن سے انسانی حقوق کو سنگین خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران، شامی حکومت اور عوام کی حمایت کے ساتھ ساتھ اس ملک پر عائد تمام انسانیت سوز پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ وہ ملک اپنے عوام کی بنیادی ضروریات پورا کر سکے اور مغرب کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے حملے سے اس ملک کے تباہ ہوجانے والے بنیادی ڈھانچے کی عالمی برادری کی مدد سے تعمیر نو کر سکے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button