اہم ترین خبریںپاکستان

ملت میں انتشار و تقسیم کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، علامہ ناصر عباس جعفری

شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ پوری ملت کیلیے وحدت کی علامت تھے

شیعت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تحت شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کی 31ویں برسی کے موقع پر ناصران ولایت کانفرنس کا پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں انعقاد کیا گیا جس سے خصوصی خطاب سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ناصران ولایت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ پوری ملت تشیع کیلیے وحدت کی علامت تھے اور آج ہم شہید قائد ؒ کی برسی کے موقع پر ان کے مقدس لہو سے عہد کرتے ہیں کہ ملت میں انتشار اور تقسیم کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

سربراہ مجلس وحدت نے کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ انبیاء و ائمہؑ کی ولایت تکوینی کے قائل تھے اور ہم بھی اپنے قائد کی طرح انبیاء اور ائمہ ؑ کی ولایت تکوینی کے قائل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ذاکرین، علماء، بانیان مجالس، ماتمی انجمنوں کے ساتھ مل کر ملت کو جلد خوشخبری دیں گے اور تشیع کے دشمنوں اور ان کے آلہ کاروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

علامہ راجہ ناصر نے کہا کہ ولایت فقیہ یعنی شیطانی نظام کے مقابلے میں علی ؑ کی ولایت کا نظام ہے، اس ہی نظام اور ولی فقیہ نے شام اور عراق میں داعش کو شکست دی، امریکی دہشت گردی اور اس کی طاقت کے غبارے سے ہوا نکال دی اور یہی نظام آج دنیا میں صیہونیوں کے مقابلےپر پرچم اسلام لیے مقاومت کرتے ہوئے آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں مظالم کی انتہا کر رکھی ہے، بھارت ایک ظالم اور قاتل ریاست ہے۔ پاکستان کا ایک ایک فرد اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ملک کے تمام افراد کشمیریوں کے دفاع کی خاطر بھارت سے جنگ کیلیے میدان میں آئیں گے۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاراچنار اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ایک منظم سازش کے تحت داعش کو مضبوط کیا جارہا ہے، حکومت پاکستان کو چاہیے کہ پاراچنار کی عوام کو اعتماد میں لے کر ان دہشتگردوں کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کیا جائے۔

سربراہ مجلس وحدت نے اسلامی تحریک نائیجیریا کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی اور ان کی اہلیہ کی غیر قانونی گرفتاری کی مذمت کی اور ان کی بگڑتی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ شیخ زکزاکی اور ان کی اہلیہ کو علاج کیلیےبیرون ملک بھیجا جائے اور ان کی غیر قانونی گرفتاری کو ختم کیا جائے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاپتہ شیعہ افراد کے معاملے پر آواز احتجاج بلند کرتے ہوئے کہا کہ کئی کئی سالوں سے ہمارے بھائی، بیٹے اور جوان بے گناہ جبری لاپتہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی انصافی حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرے اور ملک کے مقتدر اداروں اور ان کے سربراہوں سے جواب طلب کرے کہ ہمارے لاپتہ افراد کو کہاں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمارے لاپتہ افراد کو ہمارے حوالے کیا جائے۔

واضح رہے کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کی 31 ویں برسی کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین نے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ناصران ولایت کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں ملک کے تما م شہروں سے ذاکرین، نوحہ خواں، علماء، اور ہزاروں عاشقان ولایت نے شرکت کرکے شہید قائد سے تجدید عہد کیا۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button