ایران

پاکستان تا مشہد اور کربلا کا سفر ریل گاڑی سے ممکن بنانے کیلئےوزیر ریلوے شیخ رشیدکا دورہ ایران

شیعیت نیوز: پاکستان تامشہد اور کربلا کا سفر ریل گاڑی سے ممکن بنانے کیلئےوزیر ریلوے شیخ رشید ایران دورے پرہیں، تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ریلوے کے وزیرشیخ رشید نے ایرانی ہم منصب ” محمدسلامی” سے پاک ایران تعلقات سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شیخ رشید نے محمدسلامی سے ملاقات میں کہا کہ ہم کوئٹہ تفتان ریلوے کی تعمیر نو کے لئے بین الاقوامی کمپنیوں کو دعوت دینا چاہتے ہیں لہذا اسلامی جمہوریہ ایران اس منصوبے میں شریک ہوسکتا ہے۔
ایرانی وزیرٹرانسپورٹ نے ایران اور پاکستان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک امن اوردوستی کے روایتی رشتے میں منسلک ہیں، ہم دوطرفہ روابط کو مزید بہتر کرسکتے ہیں۔
سلامی نے مزید کہا کہ ایران پاکستان کے برآمدی اشیاء کی ٹرانزٹ کے فروغ کے لئے اہم کرادار ادا کرسکتا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئٹہ تفتان ریلوے کی تکمیل اور ترقی ہمارے لئے نہایت اہم ہے اس لئے ہماری کوشش ہے کہ بہت جلد اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے، شیخ رشید نے ایران کو کوئٹہ تفتان ریلوئے کی تعمیر وترقی کے منصوبے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ایران کی شرکت سے پاک ایران تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ پاکستانی زائرین کربلائے معلی اور مشہد مقدس کا سفر ریل گاڑی میں کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کےوزیر ریلوے شیخ رشید تین روزہ سرکاری دورے پرتہران پہنچے ہیں۔

پاکستان کے وزیر ریلوے کے دورے کا مقصد دو جانبہ روابط کے فروغ خاص طور سے تہران، اسلام آباد ریلوے لائن کے پروجیکٹ میں بھر پور مشارکت ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button