ایران

میزائلوں کی تیاری ایران کی ترقی کا صرف ایک نمونہ ہے، وزیر خارجہ ظریف

شیعت نیوز مانیٹرنگ ڈیسک :ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے میزائلوں کی تیاری کو اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی وپیشرفت کا صرف ایک نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی بھی میدان میں دوسروں پر انحصار نہیں کرتا-

تہران میں فوجی افسران اور دفاعی ماہرین کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ جس وقت ایران کو اپنی فضائی حدود کے دفاع کے لئے میزائلوں کی ضرورت تھی تو اس وقت کسی بھی ملک نے اسلامی جمہوریہ ایران کو میزائل نہیں دیا لیکن آج ایران اغیار پر انحصار کئے بغیر اپنی توانائیوں کی بدولت میزائل تیار کر رہا ہے-

وزیر خارجہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بارہا علاقے کے ملکوں کی تذلیل کی اور کہا کہ ان ملکوں کی سیکورٹی کا دار و مدار امریکا کی موجودگی پر ہے، کہا کہ ایران نے دوسروں پر بھروسہ کئے بغیر اور اپنی داخلی صلاحیتوں پر تکیہ کر کے علاقے میں مثالی سیکورٹی قائم کی ہے-

انہوں نے کہا کہ آج ایران کی سیکورٹی اور استحکام عوام کی مرہون منت ہے- ان کا کہنا تھا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے جشن کی ریلیوں میں عوام کی تاریخی شرکت نے ثابت کر دیا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود ایران کے عوام بدستورانقلاب کے وفادار اور اس کے ثمرات کے محافظ ہیں-

وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دنیا میں تسلط پسندی کا دور ختم ہو چکا ہے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ علاقے میں سات ٹریلین ڈالر خرچ کرنے کے بعد بھی رات کی تاریکی میں عراق کا خفیہ دورہ کرتے ہیں جس سے یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ دنیا پر امریکی تسلط کا دور ختم ہو چکا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button