پاکستان

گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے کیلئے اقدامات کا فیصلہ

شیعیت نیوز: قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے آئندہ ماہ ممکنہ اجلاس میں گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے کیلئے کیے گئے پاکستان کے اقدامات پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے 24ویں اجلاس کے بعد جاری کئے گئے اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے حکومت کی جانب سے فاٹا اور گلگت بلتستان میں متعارف کی جانے والی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کیا۔کمیٹی نے قرار دیا کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانا اور فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں انضمام، گلگت بلتستان آرڈر2018 کے تحت گلگت بلتستان کے عوام کو وہی حقوق دینے جو ملک کے دوسرے حصوں کے عوام کو حاصل ہیں سے ان ریجن کے عوام کی امنگوں اور خو اہشات کی تکمیل ہوئی ہے۔ وزارت داخلہ نے کمیٹی کو نئی ویزہ پالیسی پر بریفنگ دی جس کا مقصد پا کستان کو سیاحت اور بزنس دوست ملک بنا نا ہے۔کمیٹی نے وزارت داخلہ کی کوشش کو سر اہتے ہوئے کہا کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ تمام سپورٹ سسٹم ( اعانتی نظام ) ، ڈ یٹا بیس اور ویری فیکیشن نیٹ ورکس ( تصدیقی نظام ) مکمل طور پر فعال ہیں۔ اس تناظر میں یہ طے پا یا کہ ویزا آن ارائیول (آمد پر ویزا) کی سہو لت پہلے مرحلے میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر متعارف کرائی جا ئے۔کمیٹی نے حالیہ علاقائی و عالمی واقعات اور ان کے پاکستان پر اثرات کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس نے قرار دیا کہ جیو پو لیٹکل صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ پاکستان امن اور استحکام کیلئے اپنی سیاسی اور سفارتی کو ششیں جاری رکھے گا۔ اس مقصد کیلئے کمیٹی نے زور دیا کہ ایک زیادہ متحرک اور فعال سفارت کاری کی ضرورت ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی نےبے گناہ کشمیر یوں پر بھارتی قابض افواج کی جانب سے کی جانے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کشمیر یوں کے حق خود ارا د یت کے حصول تک اپنا کر دار ادا کرتا رہے گا۔ اجلاس نے اسر ائیلی ر یاست کی جانب سے فلسطینیوں پر ڈھا ئے جانے والے ظلم وستم کی بھی مذمت کی اور پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں کی جائز کاز کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ احسن اقبال ، وزیر دفاع و خارجہ خرم دستگیر ، وزیر خزانہ و اقتصا دی امور مفتاح اسمعیلٰ ، چیف آف جنرل سٹاف جنرل قمر جا وید باوجوہ ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی ، چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان ۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل نوید مختار ،قومی سلامتی کے مشیر لیفٹنٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی افسروں نے شرکت کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button