پاکستان

فاٹا انضمام: آرمی چیف کا قبائلی نوجوانوں کو مبارکباد

شیعیت نیوز: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان نسل کو فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام پر مبارکباد دی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فاٹا یوتھ جرگہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یوتھ جرگہ سے ملاقات کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فاٹا کے انضمام سے علاقے میں معاشی و سماجی ترقی ہوگی اور دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا۔ آرمی چیف نے فاٹا انضمام سے متعلق نوجوان نسل کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ ریاست دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردی اور شدت پسندی کے خاتمے میں نوجوان نسل کا اہم کردار ہے، نوجوان پُرامن مقاصد پر توجہ مرکوز رکھیں، جمہوری اور سیاسی سرگرمیوں میں بھر پور حصہ لیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ امن کے حصول کیلئے بھاری جانی و مالی قربانیاں دی ہیں، حاصل کیے گئے امن کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ آرمی چیف نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ دشمن قوتوں سے با خبر رہیں۔ انہوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نوجوانوں کی حمایت اور عزم کو سراہا جبکہ پاکستان کے مستقبل سے متعلق نوجوانوں کے خیالات کی تعریف کی۔ ائی ایس پی آر کے مطابق فاٹا یوتھ جرگہ نے اس موقع پر امن کی بحالی اور استحکام کیلئے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔ جرگے نے علاقے میں سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے بھی پاک فوج کی کوششوں کو سراہا جبکہ جرگے نے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے آرمی چیف کی دلچسپی کی بھی تعریف کی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button