بھارتی تحقیقاتی ایجنسی کا بڈگام میں آغا سید حسن کے گھر پر چھاپہ
بھارتی قومی تفتیشی ایجنسی NIAنے آج صبح حریت لیڈر آغا سید حسن کے گھر پر چھاپہ مار کر تلاشی شروع کردی ہے۔
این آئی اے کی ٹیم پولیس اور فورسز کی ایک بھاری جمعیت وسطی کشمیر کے بڈگام میں واقع آغا سید حسن کے گھر پر اچانک پہنچی اور تلاشی کا آغاز کیا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آغا سید حسن کے گھر تلاشی کے دوران کوئی قابل اعتراض چیز یا دستاویز برآمد ہوئی ہے یا نہیں۔
قابل ذکر ہے کہ این آئی اے "فنڈنگ کیس” کی تحقیق کررہی ہے اور اس سلسلے میں اب تک 7 علیحدگی پسند لیڈروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور درجنوں افراد سے پوچھ گچھ بھی کی جاچکی ہے جن افراد کے گھروں یا کاروباری اماکن پر چھاپے ڈالے گئے، ان میں سے بیشتر لائن آف کنٹرول پر ہونے والی تجارت سے وابستہ ہیں۔
این آئی اے کا ماننا ہے کہ ایل او سی پر تجارت کے ذریعے وادی میں جنگجووں اور علیحدگی پسندوں کی فنڈنگ ہورہی ہے اور ایجنسی اس تجارت کو منقطع کرنے کے حق میں ہے۔ تاہم ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے واضح کردیا ہے کہ وہ اس تجارت کو کسی بھی صورت میں منقطع ہونے کی اجازت نہیں دیں گی۔