دنیا

فلسطینی بچے کا سر کاٹنے والے دہشت گردوں کو امریکہ کی حمایت حاصل ہے: روس کا الزام

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ موجود اطلاعات کے مطابق جن مسلح افراد نے ایک فلسطینی بچے کا سر کاٹا اور اس کی ویڈیو فلم بنائی، انھیں امریکہ کی حمایت حاصل ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ماریا زاخارووا نے کہا کہ ان دہشت گردوں نے کہ جنھیں بعض ممالک اعتدال پسند مخالفین کا نام دیتے ہیں، بچے کو صرف اس خیال سے کہ اس نے بشار اسد کے حامیوں کے ساتھ تعاون کیا ہے، وحشیانہ طریقے سے قتل کر دیا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ مقتول بچے کو حلب کے قریب سے پکڑا گیا تھا اور اس کے جسم اور ہاتھوں پر موجود نشانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ قتل کرنے سے پہلے اس پر تشدد کیا گیا تھا۔

ماریا زاخارووا نے اس بات پر زور دیا کہ یہ گروہ دہشت گرد ہیں کہ جنھیں دنیا میں موجود انسانی اقدار کا کوئی خیال نہیں ہے۔

واضح رہے کہ امریکی حمایت یافتہ شام مخالف دہشت گردوں نے گزشتہ ہفتے شام کے شہر حلب کے قریب حندرات کے فلسطینی کیمپ پر حملہ کر کے فلسطینی مزاحمت سے انتقام لینے کے لیے ایک بارہ سالہ بچے کا سر لوگوں کی آنکھوں کے سامنے تن سے جدا کردیا اور اس کی ویڈیو فلم بنا کر انٹرنیٹ پر جاری کردی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button