ایران

بحرین کی آل خلیفہ حکومت کو قاسم سلیمانی کا انتباہ

بحرین کے نامور عالم دین شیخ عیسی قاسم کی شہریت ختم کئے جانے پر ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر قاسم سلیمانی نے ایک بیان میں بحرین کی آل خلیفہ حکومت کو سخت خبردار کیا ہے۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرین کے مظلوم مسلمانوں کو کئی برسوں سے آل خلیفہ حکومت کے جارحانہ و غیر انسانی اقدامات نیز وحشیانہ جرائم کا سامنا ہے۔ اس بیان میں یہ بھی آیا ہے کہ بحرین کے صابر عوام تمام تر شدید دباؤ اور آل خلیفہ حکومت کے نسل پرستانہ اقدامات کے باوجود پرامن طریقے سے اپنے حقوق کی بحالی کی کوشش کر رہے ہیں۔ بیان کے مطابق آل خلیفہ حکومت کی ہمت اتنی بڑھ گئی ہے کہ وہ اقوام متحدہ، امریکہ اور یورپی ملکوں کی معنی خیز خاموشی سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے بحرینی عوام کے خلاف ہر طرح کے جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے اور اس کے ان جرائم کا دائرہ مزید وسیع ہوتا جا رہا ہے۔ بیان میں آیا ہے کہ عالمی اداروں کی خاموشی کے تحت شیخ علی سلمان اور بحرین کے دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں کو حراست میں لئے جانے سے آل خلیفہ حکومت کی جرآت اب اتنی بڑھ گئی ہے کہ وہ اس ملک کے نامور عالم دین شیخ عیسی قاسم کے وقار کو نشانہ بنا رہی ہے۔ ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر قاسم سلیمانی نے خبردار کیا کہ شیخ عیسی قاسم کا وقار ایک ایسی ریڈ لائن ہے جس کو عبور کئے جانے سے بحرین اور پورے علاقے میں آگ کے شعلے بھڑک اٹھیں گے اور عوام کے لئے مسلح استقامت کے علاوہ اور کوئی راستہ باقی نہیں رہے گا۔ قاسم سلیمانی نے خبردار کیا کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت کے حامیوں کو چاہئے کہ یہ جان لیں کہ شیخ عیسی قاسم کی اہانت اور بحرینی عوام پر حد سے زیادہ دباؤ، خونریز انتفاضہ کا آغاز ہے جس کے نتائج کے ذمہ دار وہی ہوں گے جو بحرینی حکام کی گستاخی کو جائز قرار دے رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button