پاکستان

حکومت کا کالعدم تنظیموں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا ایک بار پھر ارادہ

شیعیت نیوز: حکومت پاکستان نے کالعدم تنظیموں کے ارکان، فورتھ شیڈول میں شامل افراد اور انسانی اسمگلرز کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

فیصلے کے تحت کالعدم تنظیموں کے کارکنوں کی سفری دستاویزات اور قومی شناختی کارڈ منسوخ کیے جائیں گے۔

یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت وزارت داخلہ کے اجلاس میں ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے افراد کو بینک اکاونٹس کھلوانے کااختیار بھی نہیں ہوگا اور نہ وہ موبائل فون سمز اور ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔

اس موقع پر چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ملک کو نام بدنام کرنے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، سیکیورٹی اداروں نے امن و امان کے لیے انتھک محنت کی جبکہ افراتفری پھیلانے کی کوششوں کے باوجود امن وامان بہتر ہورہا ہے۔

اجلاس کے دوران کالعدم تنظیموں کے ارکان اور انسانی اسمگلروں کے خلاف اقدامات کے علاوہ میگا کرپشن کیسز میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی کارکردگی، کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی، اسکولوں، میڈیا ہاؤسز اور تجارتی مراکز کی سیکیورٹی اور دیگر کئی امور بھی زیر بحث آئے۔

اجلاس میں انتظامیہ کو کوائف جمع نہ کرانے والی تمام سیکیورٹی کمپنیز کے لائسنس منسوخ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ایف آئی اے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ انسانی اسمگلروں کے خلاف جاری مہم کے دوران اب تک ایک ہزار 11 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 290 اشتہاری، 17 انتہائی مطلوب اور 84 عدالت سے مفرور قرار پانے والے ملزمان شامل ہیں۔

سینیئر پولیس حکام نے اجلاس کو اسلام آباد میں اسکولوں اور میڈیا ہاؤسز کی سیکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button