پاکستان

آپریشن ضرب عضب کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے پاک افغان سرحد کومحفوظ بنانا ہوگا، سربراہ پاک فوج

 پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ افغانستان میں دیرپا امن کے لیے مفاہمتی عمل انتہائی اہم ہے اور پر امن افغانستان سے خطے کے ممالک کے درمیان رابطے بڑھیں گے جب کہ آپریشن ضرب عضب کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے پاک افغان سرحد کومحفوظ بنانا ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جرمنی میں سینٹ کام ایشیا سیکیورٹی کانفرنس سے خطاب کیا، کانفرنس میں افغانستان میں بے امنی کے خطے پر اثرات کا جائزہ لیا گیا جب کہ پاک فوج کے سربراہ نے پاکستان کی داخلی اور خارجی صورتحال پر روشنی ڈالی، شرکاء کو پاکستان میں قیام امن کی کوششوں سے آگاہ کیا اور افغانستان میں عدم استحکام کے پاکستان پراثرات پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن کے لیے مفاہمتی عمل ناگزیر ہے جب کہ محفوظ افغانستان علاقائی رابطوں کی راہ ہموار کرسکتا ہے جس سے خطے کے ممالک کےدرمیان رابطے بڑھیں گے اور ہم تمام مشکلات کے باوجود امن کے لیے کوشاں ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے پاک افغان سرحد کومحفوظ بنانا ہوگا اور پاکستان میں استحکام کےباعث خطے کے ممالک سے اقتصادی تعاون میں اضافہ ہوگا جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے فوائد شیئر کیے جاسکتے ہیں اور اس منصوبے سے خطے کے تمام ممالک کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی سے نمٹنے کیلیے معاشی وسماجی استحکام ضروری ہے اور پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button