ایران

ایران امریکا کو اثر و رسوخ کی اجازت نہیں دے گا: خطیب نماز جمعہ تہران

تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب آیت اللہ محمد علی موحدی کرمانی نے کہا ہے کہ ایران امریکا کو اثر و رسوخ کی اجازت نہیں دے گا۔
تہران کی مرکزی نماز جمعہ آیت اللہ محمد علی موحدی کرمانی کی اقتدا میں ادا کی گئی۔ خطیب نماز جمعہ تہران نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران امریکا کو اپنی سر زمیں میں اثر و رسوخ کی اجازت نہیں دے گا۔ آیت اللہ محمد علی موحدی کرمانی نے کہا کہ امریکا اس بات سے آگاہ ہے کہ سیاسی تسلط حاصل کرنے کے لئے اسے ثقافتی راستے سے داخل ہونا ہو گا۔ انھوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران نے دشمنوں کو توسیع پسندانہ مقاصد کے حصول کے بارے میں مایوس کر دیا ہے، کہا کہ ایٹمی معاہدے کے معنی یہ نہیں ہیں کہ ایرانی قوم نے امریکا کے ساتھ صلح کر لی ہے کیونکہ جب تک اسلام موجود ہے تب تک امریکا ایران سمیت سارے اسلامی ممالک کا دشمن رہے گا۔ خطیب نماز جمعہ تہران کا کہنا تھا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے معاہدے سے دنیا پر اسلامی جمہوریہ ایران کی حقانیت ثابت ہو گئی اور مذاکرات کے دوران یہ بھی ثابت ہو گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کی کوشش نہیں کر رہا ہے۔ خطیب نماز جمعہ تہران آیت اللہ محمد علی موحدی کرمانی نے مسلمانوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنے پر مبنی بعض یورپی ممالک کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی شیعہ کبھی بھی اہل سنّت کے مقدسات کی بے حرمتی نہیں کرتے ہیں اور جو افراد ان مقدسات کی توہین کرتے ہیں ان کا شیعہ مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ آیت اللہ محمد علی موحدی کرمانی نے امریکا کی جانب سے انسانیت کی قاتل صیہونی حکومت کی حمایت کئے جانے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کو جان لینا چاہئے کہ اسلامی جمہوریہ ایران استقامت اور فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا۔ خطیب نماز جمعہ تہران نے اس امید کا اظہار کیا کہ سعودی عرب کو اس بات کو ادراک ہو جائے گا کہ خطے میں اس کی پالیسیاں غلط ہیں اور اس نے یمن میں مظالم ڈھائے ہیں، آیت اللہ محمد علی موحدی کرمانی نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ عراق اور شام کو بھی دہشت گرد گروہ داعش پر فتح حاصل ہو گی اور ان ممالک میں امن قائم ہو جائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button