عراق

صدام کا نائب اور عراقی فوج کا سابق سنگدل جنرل عزت الدوری مارا گیا

عراق کے صوبہ صلاح الدین کے گورنر نے اعلان کیا ہے کہ عراقی فوج اور رضاکار فورس کی دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں سابق ڈاکٹیٹر صدام کا نائب عزت الدوری بھی مارا گیا ہے-
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبہ صلاح الدین کے گورنر رائد الجبوری نے کہا ہے کہ "عزت الدوری” حمرین کے علاقے میں ایک جھڑپ میں ہلاک ہوا ہے- عراقی ٹیلی ویژن نے بھی رائد الجبوری کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حمرین کے علاقے میں عراقی فوج اور رضاکار فورس کی دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی جس میں ” عزت الدوری” مارا گیا- عزت الدوری صدام کا تختہ پلٹے جانے کے بعد اردن فرار کرگیا تھا اور داعش کے حملے کے بعد عراق میں اس کی موجودگی خبریں منظر عام پر آئیں تھیں- دوسری جانب بیجی کے مرکز میں عراقی فورسز اور دہشت گرد گروہ داعش کے درمیان جھڑپ میں باون دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں- موصولہ رپورٹ کے مطابق عراقی فورسز نے جمعہ کے روز بیجی کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے- بیجی کو آزاد کرانے کے بعد عراقی فورسز نے بیجی آئل ریفائنری کی جانب پیش قدمی کی جس کے دوران داعش کے ساتھ جھڑپ میں باون دہشت گرد ہلاک ہو گئے- تازہ ترین اطلاعات کے مطابق عراقی فورسز ملک کی سب سے بڑی بیجی آئل ریفائنری پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے- ان ذرائع کے مطابق داعش کے دہشت گردوں نے کچھ عرصہ قبل اس آئل ریفائنری پر قبضہ کر لیا تھا اور اس تیل کے پانچ ذخیروں کو آگ لگا دی تھی- اطلاعات کے مطابق اس علاقے میں داعش سے وابستہ ڈیڑھ سو خودکش حملہ آوروں کی لاشیں بکھری پڑی ہیں- بتایا جاتا ہے کہ یہ خودکش بمبار بیجی آ‏ئل ریفاینری کو مکمل طور سے تباہ کرنے کا ارادہ رکھتے تھے، تاہم عراقی فوج اور عوامی رضا کاروں کی برق آسا کاروائی نے ان کے اس ناپاک منصوبے پر پانی پھیر دیا-

متعلقہ مضامین

Back to top button