پاکستان

سانحہ بھکر، جھنگ میں کشیدگی، چنیوٹ میں دفعہ 144 نافذ

jhangسانحہ بھکر کے بعد ضلعی حکام نے چنیوٹ میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جبکہ جھنگ شہر میں کشیدہ صورتحال پیدا ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ اس صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لئے سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ڈی سی او چنیوٹ ڈاکٹر ارشاد احمد کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں آئندہ 24 گھنٹے کے لئے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے، جس کے تحت جلوس نکالنے، پانچ سے زائد افراد کے ایک جگہ جمع ہونے اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی۔

ادھر ’’اسلام ٹائمز‘‘ کے ذرائع نے بتایا کہ بھکر کی صورت حال کے بعد جھنگ میں بھی کشیدگی کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے، جس کے لئے انتظامیہ نے شہر بھر میں سکیورٹی انتظامات سخت کر دیئے ہیں اور پولیس کے دستے گشت کر رہے ہیں۔ اس صورت حال میں شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ ڈی سی او جھنگ کا کہنا ہے کہ پولیس فورس کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کیلئے چوکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح انداز میں مذہبی رہنماؤں کو وارننگ دے دی ہے کہ کوئی ریلی، جلوس یا مظاہرہ کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو مذہبی یا سیاسی جماعت پہلے کسی جلوس، ریلی یا مظاہرے کا اہتمام کرے گی، حالات کی خرابی کا ذمہ دار اسی ٹھہرایا جائے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button