پاکستان

انتخابات، پنجاب میں کالعدم تنظیموں کے 115 ارکان کو نظربند کرنے کی منظوری

bannedپنجاب کی انتظامیہ نے بعض کالعدم تنظیموں کے 115 افراد کو الیکشن کے لئے خطرہ قرار دے کر ان کو 16 ایم پی او کے تحت نظر بند کرنے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ کالعدم تنظیموں اور افغان ٹرینڈ بوائز جو کہ انسداد دہشت گردی کے فورتھ شیڈول میں شامل 1406 افراد کے اپنے ضلع، تھانہ چھوڑنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تاہم الیکشن مہم، الیکشن کے دوران موبائل فون بند کرنے کی تجاویز کو مسترد کر دیا گیا ہے، صرف حساس علاقوں میں ضرورت کے وقت موبائل بند کئے جائیں گے۔ تحریک طالبان، جنداللہ اور لشکر جھنگوی کی طرف سے دہشت گردی ہوسکتی ہے، جس کے لئے تمام اضلاع کو ماسٹر سکیورٹی 6 اپریل تک بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔ تمام وی وی آئی پیز کی سکیورٹی کے لئے 8 اپریل تک بلٹ پروف روسٹرم آئی جی پنجاب خرید لیں گے۔

صوبائی سکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں تمام وفاقی اور حساس اداروں کے سربراہوں نے شرکت کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں تمام وی وی آئی پیز افراد کی سکیورٹی میں 75 فیصد کمی کر دی جائے اور ان کے پاس سکیورٹی کے لئے صرف 25 فیصد افراد کو رہنے دیا جائے۔ اس کے علاوہ الیکشن کمشن کی طرف سے ہر امیدوار کو 5 سکیورٹی اہلکار فراہم کرنے کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔ الیکشن اسٹاف کی سکیورٹی کے لئے نیا پلان بنایا جائے گا۔ ہر تھانے کی سطح پر حساس پولنگ سٹیشن کی فہرست بنائی جائے گی۔ الیکشن کے دن کا علیحدہ سکیورٹی پلان مانگا گیا ہے۔ تمام صحافیوں اور بین الاقوامی مبصرین کیلئے سکیورٹی پلان بنایا جائے گا۔ فوج سے 185 جبکہ رینجرز سے 158 کمپنی مانگنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button