سعودی جارحیت سے اگست سے اب تک یمن میں مواصلات کے 902 مراکز اور اسٹیشن ناکارہ ہو گئے، یمنی وزارت مواصلات
شیعیت نیوز : یمن کی وزارت مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ملک کے مختلف صوبوں میں مواصلاتی اسٹیشنوں، ٹاورز، نیٹ ورکس اور تنصیبات کو سعودی جنگی طیاروں کی جانب سے مسلسل اور جان بوجھ کر نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ اگست کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے والی حالیہ سعودی جارحیت کے دوران اب تک مواصلاتی شعبے کے 902 مراکز اور اسٹیشن سروس سے باہر ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسلامی ممالک مکہ و مدینہ پر حملوں کا سعودی بہتان مسترد کر کے جارحیت رکوائیں، یمنی وزارت خارجہ
وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ وحشیانہ حملے بنیادی ڈھانچے کی منظم تباہی، شہریوں کی شہادت اور عوام کو ان بنیادی سہولیات سے محروم کرنے کا سبب بن رہے ہیں جو ان کی زندگی، سلامتی اور روزمرہ معاش سے براہ راست جڑی ہوئی ہیں۔ بیان کے مطابق 11 برس سے زائد عرصے سے جاری سعودی جارحیت میں 2025 کے اختتام تک مواصلات اور ڈاک کے شعبوں پر 2764 سے زائد فضائی حملے کیے گئے، جن میں ان شعبوں کے 80 کارکن شہید اور 1104 سے زائد تنصیبات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئیں۔
یمنی وزارت مواصلات نے کہا کہ مواصلات کا شعبہ خالصتاً شہری اور خدماتی شعبہ ہے جو بلا امتیاز تمام شہریوں کو خدمات فراہم کرتا ہے، اس کی تنصیبات خاندانوں، اسپتالوں، تعلیمی اداروں اور امدادی ٹیموں کی خدمت کرتی ہیں اور جنگ و محاصرے کے حالات میں مدد طلب کرنے کا اہم ذریعہ ہیں۔ وزارت نے سعودی رجیم سے وابستہ حلقوں کے جھوٹے دعووں کو اس شعبے کو نشانہ بنانے کا بہانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد یمنی عوام کو دنیا سے کاٹ کر مزید جرائم کی راہ ہموار کرنا ہے۔
بیان میں عالمی برادری اور بین الاقوامی ٹیلی کمیونیکیشن یونین کی شرمناک خاموشی پر بھی تنقید کی گئی اور سعودی رجیم کو مواصلاتی تنصیبات پر حملوں کے تمام نتائج کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ وزارت نے کہا کہ تباہی کے باوجود یہ حملے یمنی عوام کا عزم نہیں توڑ سکیں گے اور اس شعبے کے کارکن مرمت اور بحالی کے میدان کو استقامت کا محاذ بنائے رکھیں گے۔







