اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

غزہ میں تیل اور گیس کی دریافت ہوئی ہے اور صیہونی ادارہ ان وسائل پر قبضہ کرنا اور ان سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، ڈاکٹر طلعت عائشہ وزارت

اسرائیل حماس تنازعہ کے دوران بین الاقوامی برادری کو درپیش فوری چیلنجوں کے بارے میں، انہوں نے تجویز پیش کی کہ بنیادی اقدام جنگ بندی ہونی چاہیئے اور اس کے ساتھ فی الفور طبی امداداور خوراک کی بحالی ہونی چاہیئے

شیعیت نیوز: سابق صدر شعبہ بین الاقوامی تعلقات جامعہ کراچی ڈاکٹر طلعت عائشہ وزارت نے فلسطینی سرزمین میں امریکہ، مغرب اور اسرائیل کے حقیقی مفادات کے بارے میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں تیل اور گیس کی دریافت ہوئی ہے اور صیہونی ادارہ ان وسائل پر قبضہ کرنا اور ان سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے جبکہ یہ قدرتی وسائل فلسطینی عوام کے ہیں، صیہونیت یہودی نظریے کا حصہ نہیں ہے بلکہ ایک سیاسی فلسفہ ہے جس کا مقصد فلسطینی سرزمین کو نوآبادیاتی بنانا ہے۔

انہوں نے امریکہ اور مغربی دنیا کی طرف سے گزشتہ 20 سالوں میں جنگ پر مبنی معیشتوں کی وجہ سے ہونے والی متعدد جنگوں کے بارے میں بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ چین نے پرامن منصوبوں کو آگے بڑھایا ہے، چین کے سماجی، سیاسی اور اقتصادی مفادات ہیں لیکن وہ جیت کی صورت حال سے چلتا ہے۔ اسرائیل حماس تنازعہ کے دوران بین الاقوامی برادری کو درپیش فوری چیلنجوں کے بارے میں، انہوں نے تجویز پیش کی کہ بنیادی اقدام جنگ بندی ہونی چاہیئے اور اس کے ساتھ فی الفور طبی امداداور خوراک کی بحالی ہونی چاہیئے اور فلسطینی عوام کو غزہ چھوڑنے پر مجبور نہ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات جامعہ کراچی کے اشتراک سے کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی کے چائنیز ٹیچرز میموریل آڈیٹوریم میں منعقدہ سیمینار بعنوان ”فلسطین تنازعہ کو سمجھنا“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: انسانیت سے ہمدردی کی سزا، امریکی رکن کانگریس رشیدہ طلیب کو سرزنش کا سامنا

اس موقع پر رئیس کلیہ فنون و سماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم نے فلسطین اسرائیل جنگ کے ممکنہ حل کی تلاش اور تنازعہ کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی مضمرات کے حوالے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اقدامات فلسطینیوں کی نسل کشی کے طورپر سامنے آئے ہیں اور اسرائیل کو مستقبل میں بین الاقوامی تنہائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا ٹھوس اقدامات کئے بغیر یہ محض بین الاقوامی مسائل پر بات کرنے کی جگہ ہے، اسرائیل کی حمایت کرنے والی حکومتوں کے خلاف عالمی مظاہرے بین الاقوامی نظام میں ایک نئی ڈائنامک کو متعارف کروا رہے ہیں اور عوام کے حقیقی نمائندوں کو بااختیار بنا رہے ہیں۔ صدرشعبہ بین الاقوامی تعلقات جامعہ کراچی ڈاکٹر نعیم احمد نے کہا کہ اسرائیل بھوک اور نسل کشی کو جنگی ہتھیاروں کے طور پر استعمال کررہا ہے، فلسطینی عوام کو حق خودارادیت سے محروم کردیا گیا ہے جبکہ امریکہ اسرائیل کو حل کرنے پر آمادہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ڈاکٹر نعیم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تنازعہ پھیلنے کی صورت میں عرب ریاستوں کو اس معاملے پر واضح مؤقف اختیار کرنا چاہیئے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کی کون سے ممالک حمایت کر رہے ہیں، کون مخالف ہے اور کون خاموش؟

شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے لیکچرر امجد علی نے کہا کہ کسی بھی ریاست نے فلسطینی سرزمین کے کسی حصے کو اسرائیلی ریاست کے طور پر تسلیم نہیں کیا، صیہونیت کوئی مذہبی نظریہ نہیں بلکہ ایک سیاسی نظریہ ہے، دوسری جنگ عظیم کے بعد فلسطینی سرزمین کو چھوڑنے سے پہلے برطانیہ نے جان بوجھ کر زمین کو غلط استعمال کیا، صیہونی نظریہ دنیا کے لیے انتہائی خطرناک سمجھا جاتا ہے، یہاں تک کہ کچھ یہودیوں نے بھی صیہونیوں کو قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے اور انہیں غدارانہ ارادوں کے ساتھ قصاب قرار دیا ہے۔ سابق سفیر عالم بروہی نے کیمپ ڈیوڈ اور اوسلو معاہدوں کے بعد ابراہم معاہدے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ابراہم معاہدے عرب اسرائیل کو معمول پر لانے کے دو طرفہ معاہدوں کے علاوہ کچھ نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک آگے بڑھنے کا کوئی راستہ نہیں جب تک مسلم دنیا اور بالخصوص عرب ممالک فلسطینی کاز کے لئے اتحاد اور اخلاص کا مظاہرہ نہیں کرتے، عرب دنیا کے پاس دولت اور وسائل ہیں جو امریکہ کی قیادت میں مغربی دنیا پر زبردست دباؤ ڈال سکتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button