یوکرین جنگ، پیوٹن کا عالمی کمپنیوں کے اثاثے منجمد کرنے پر غور
شیعیت نیوز: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ملک میں غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے اپنے آپریشنز معطل کرنے کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق روس کے یوکرین میں فوجی آپریشن شروع کرنے کے بعد بہت سی بین الاقوامی کمپنیوں نے روسی مارکیٹ سے بے دخل ہونا شروع کر دیا ہے۔
روس میں تین درجن سے زائد بین الاقوامی کمپنیوں نے ملک میں اپنے آپریشنز کو کم کرنے یا معطل کرنے کا اعلان کیا ہے جن میں فضائی اور آٹو مینوفیکچررز، ٹیک اور توانائی کمپنیاں شامل ہیں۔
روسی ایوان بالا کی آئینی قانون سازی کی کمیٹی کے چیئرمین آندرے کلیشاس نے سرکاری میڈیا اسپوتنک کو بتایا کہ روس میں اپنی خدمات معطل یا ختم کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں کے اثاثے منجمد کیے جا سکتے ہیں، اور املاک کے حقوق کو محدود کیا جا سکتا ہے۔
اس صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے روسی صدر کا کہنا تھا کہ ایس ان کے اثاثوں کو کنٹرول کرنے کیلئے انتظام متعارف کرایا جانا چاہیے اور ایسا کرنے کے لیے کافی قانونی طریقہ کار موجود ہیں۔
واضح رہے کہ 24 فروری کو ماسکو کے خصوصی فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے تقریباً 310 غیر ملکی کمپنیوں نے روس میں اپنی کارروائیاں معطل، ختم یا محدود کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : معاشرے و سماج میں مایوسی پیدا کرنا سب سے بڑا فساد ہے، حجۃ الاسلام کاظم صدیقی
دوسری جانب یوکرین نے روس کے اہم میجر جنرل اینڈرے کولیسنی کوف کے مارے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔
یوکرین کے عالمی افیئرز کی وزارت کے مشیر نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرینی فوج نے ایک کارروائی میں روس کی مشرقی ملٹری ڈسٹرکٹ کے کمانڈر میجر جنرل اینڈرے کولیسنی کوف کو قتل کر دیا ہے۔
انہوں نے اپنی ٹیلی گرام پوسٹ میں اس خبر کو خوشخبری قرار دیا، تاہم اب تک آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
خیال رہے کہ روس کے حملے کے بعد سے یوکرین نے روسی افواج کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم روس نے اس کی تردید کی ہے۔
یوکرینی میڈیا کی جانب سے روس افواج کے کئی اہم افسران کے مارے جانے کی تصدیق آزاد ذرائع سے نہیں ہوسکی ہے۔







