تیل پر پابندی کے عالمی منڈی پر تباہ کن نتائج ہوں گے، روسی نائب وزیر اعظم
شیعیت نیوز: روسی نائب وزیر اعظم نے خبردار کیا ہے کہ روسی تیل پر پابندی لگائی گئی تو اس کے عالمی منڈی پر تباہ کن نتائج ہوں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی نائب وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ اگر روسی تیل پر پابندی لگائی گئی تو فی بیرل تیل کی قیمت 300 ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے ابھی تک روسی تیل اور گیس کی درآمدات روکنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ روسی تیل پر عالمی پابندی عائد کرنے کا معاملہ زیرِ غور ہے۔
جرمنی اور ہنگری نے روسی تیل اور گیس پر پابندی لگانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ روسی تیل اور گیس کے بغیر یورپ اپنی توانائی کی ضروریات پوری نہیں کر سکتا۔
روسی تیل پر پابندی کی خبروں پر دنیا بھر کی منڈیوں میں مندی کا رجحان رہا اور خام تیل کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران شیر کی طرح لڑ رہا ہے جبکہ اسرائیل نے خرگوش کی طرح ہار مان لی ہے، نیتن یاہو
برینٹ کی قیمت 123 اور ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 119 ڈالر فی بیرل کے قریب جا پہنچی۔
دریں اثنا عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 128 ڈالر فی بیرل ہو گئی، تاریخ میں 2008ء اور 1980ء کے بعد خام تیل کی قیمت بلند ترین سطح پر آئی ہے۔
دوران ٹریڈنگ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 124 ڈالر کی سطح پر موجود ہے، گیس کی قیمت 5 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی سطح عبور کر گئی ہے۔
سونے کی قیمت میں بھی تیزی کا رحجان ہے اور فی اونس سونا 2 ہزار ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔
گندم کی قیمت میں بھی اضافے کا رحجان ہے، دوران ٹریڈنگ 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے اور موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان پہلے ہی کر چکے ہیں۔







